حکومت کی کفایت شعاری پالیسی کے تحت پیر کو ملک بھر میں 86 واں یوم پاکستان سادگی سے منایا جا رہا ہے۔
اس موقعے پر پرچم کشائی کی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز کیا گیا۔
مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی اور پاکستان فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے مارچ پاسٹ کیا۔
مشرق وسطیٰ کے کشیدہ حالات کی وجہ سے تیل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد حکومت نے مارچ کے اوائل میں کفایت شعاری پالیسی اپنانے کا اعلان کیا تھا۔
اسی پالیسی کے تحت آج کی پریڈ منسوخ کر دی گئی۔
صدر آصف علی زرداری نے آج کے دن کی نسبت سے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم پاکستان یاد دلاتا ہے کہ قومی عزم کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے اتحاد سب سے اہم ہے۔
“Pakistan Day reminds us that unity and solidarity are the most important elements in transforming national resolve into reality.”
~ President Asif Ali Zardari’s message on Pakistan Day pic.twitter.com/eTOphyJZkm
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم نے اپنی دفاعی صلاحیت کو ناقابل تسخیر بنایا، جوہری صلاحیت حاصل کی۔ ہم نے دہشت گردی کے خلاف طویل اور کامیاب غیر روایتی جنگ لڑی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’معرکہ حق کے دوران پاکستان نے دشمن کی جارحیت کا بے خوفی سے مقابلہ کیا۔ اسے ایسا سبق سکھایا جسے وہ طویل عرصے تک یاد رکھے گا۔‘
صدر کا کہنا تھا کہ امن اور پرامن بقائے باہمی کی کوششوں کو نقصان پہنچانے والوں کی مکمل بیخ کنی کی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ’آزادی کی نعمت ہمارے اسلاف کے تدبر، عزم، استقامت اور قربانیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔‘
وزیراعظم محمد شہباز شریف کا یوم پاکستان 23 مارچ 2026 پر پیغام.
یوم پاکستان کے تاریخ ساز قومی دن پر پوری قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
23 مارچ کا دن جنوبی ایشیا کی تاریخ میں اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ چھیاسی برس قبل اس تاریخی دن پر برصغیر پاک و ہند کی… pic.twitter.com/t4n4P2pgT1
ان کا مزید کہنا تھا ’پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت اور جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہو کر پاکستان کی آزادی اور خود مختاری کا دفاع کر رہے ہیں۔‘
’گذشتہ سال معرکہ حق، آپریشن بنیان المرصوص میں پاکستان کی مسلح افواج نے اپنے ازلی دشمن کو موثر اور دندان شکن جواب دے کر عسکری تاریخ کا سنہرا باب رقم کیا۔‘
پاکستان میں پہلی مرتبہ یوم پاکستان 23 مارچ، 1959 کو منایا گیا تھا کیونکہ 1940 کو اسی دن قرارداد لاہور منظور کی گئی تھی۔
.png)
2 months ago
9



English (US) ·