Want Your Business Featured Here?
Get instant exposure to our readers
Chat on WhatsApp
کراچی کے علاقے ڈیفنس میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مشابہت رکھنے والی بکتر بند گاڑیوں کی پریڈ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے معاملے پر ساؤتھ زون پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اے پی سیز فراہم کرنے والی کمپنی کے منیجر سمیت دو ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔
ترجمان ساؤتھ زون پولیس کے مطابق چند ہفتے قبل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ڈی ایچ اے کے علاقے میں اے پی سیز کی پریڈ دکھائی گئی تھی، ویڈیو کے باعث شہریوں میں سنسنی، خوف و ہراس اور عدم تحفظ کا تاثر پیدا ہوا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ واقعے کا مقدمہ ساحل تھانے میں درج کیا گیا ہے، جس میں 4×4 Extreme کے مالک، ایس اینڈ ٹیک آرمڈ کے منیجر سمیت 6 افراد کو نامزد کیا گیا ہے اور مقدمے میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 420، 170، 171، 268 اور 290 شامل کی گئی ہیں۔
پولیس نے کارروائی کے دوران ایک لینڈ کروزر گاڑی بھی قبضے میں لے لی اور واقعے سے متعلق ویڈیو شواہد محفوظ کرلیے گئے ہیں، دیگر نامزد ملزمان اور گاڑیوں کے مالکان کی گرفتاری کے لیے قانونی کارروائی جاری ہے۔
ترجمان ساؤتھ زون پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس اسلحے کی نمائش اور وی آئی پی ڈالہ کلچر کے سخت خلاف ہے، شہریوں سے اپیل ہے کہ قانون کی پاسداری کریں اور ایسی غیر قانونی سرگرمیوں سے گریز کریں۔