Want Your Business Featured Here?
Get instant exposure to our readers
Chat on WhatsApp
مختلف علاقوں سے چھینے گئے موبائل فون خرید کر کوئٹہ منتقل کرنے والا ملزم سچل سے پکڑا گیا جس سے 24 موبائل فون برآمد ہوئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سچل پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چھینے گئے موبائل فون خریدنے اور کوئٹہ منتقل کرنے والے ملزم زبیر کو گرفتار کرلیا، ملزم کے قبضے سے قیمتی موبائل فونز سمیت مجموعی طور پر 24 موبائل فون برآمد کرلیے گئے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم شہر کے مختلف علاقوں سے چھینے ہوئے موبائل فون خریدتا تھا اور انہیں بس کے ذریعے کوئٹہ منتقل کرتا تھا، کوئٹہ میں موجود مفرور ملزم دلبر عرف جانی، گرفتار ملزم زبیر کو موبائل فون فراہم کرنے کے عوض رقم بھیجتا تھا، گرفتار ملزم زبیر رقم وصول کرنے کے بعد مبینہ طور پر موبائل فون چھیننے والے ڈاکوؤں کو ادائیگیاں کرتا تھا۔
گرفتار ملزم سے برآمد ہوئے 24 موبائل فونز شہر کے مختلف علاقوں سے شہریوں سے چھینے گئے تھے، ان فونز کے اصل مالکان سے رابطے کرلیے گئے ہیں جبکہ قانونی کارروائی کا عمل جاری ہے۔
پولیس کے مطابق موبائل فونز کی خرید و فروخت اور انہیں دوسرے شہرمنتقل کرنے والے نیٹ ورک میں ملوث دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے، گرفتار ملزم زبیر کے خلاف ضابطے کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔