Want Your Business Featured Here?
Get instant exposure to our readers
Chat on WhatsApp
ماڈل سول کورٹ ملیر نے اسکیم 33 کی کروڑوں روپے کی زمین پر قبضے سے متعلق درخواست پر ناظر کو پولیس کی مدد سے قبضہ خالی کرانے کا حکم دیدیا۔
ماڈل سول کورٹ ملیر میں اسکیم 33 کی کروڑوں روپے کی زمین پر قبضے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ زمین پر قبضے کیخلاف 2 بھائیوں حارث اور حمزہ نے عدالت سے رجوع کیا ہے اور درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ اسکیم 33 میں ہماری 8 ایکڑ قیمتی زمین پر قبضہ مافیا نے قبضہ کرلیا ہے۔ قبضہ کرنے والوں کو پولیس بھی مدد فراہم کرتی ہے۔
عدالت نے ناظر کورٹ کو 7 روز میں پولیس کی مدد سے زمین کا قبضہ خالی کروانے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے ایس ایس پی ایسٹ کو ناظر کورٹ کو پولیس فورس فراہم کرنے کا حکم دیدیا۔
عدالت نے ایس ایس پی کو تنبیہ کی کہ عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ کیا تو توہین عدالت کی کارروائی کی جائے گی۔ عدالت نے ایس ایس پی ایسٹ عدالتی حکم کی تکمیل کر کے 6 نومبر کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
واضح رہے کہ عدالت ایس ایس پی ایسٹ کو پہلے بھی پولیس کی فراہمی کا حکم دےچکی ہے اور عدالتی احکامات پر عملدرآمد کے لیے جانے والے عدالتی ناظر پر ملزمان نے فائرنگ بھی کی تھی۔
عدالت نے سابقہ آرڈر کو معطل کرنے کی درخواست عدم پیروی پر مسترد کردی۔ عدالت نے قرار دیا کہ خادم علی اور دیگر کی فریق بننے کی درخواستوں کو آئندہ سماعت پر سنا جائے گا۔