Want Your Business Featured Here?
Get instant exposure to our readers
Chat on WhatsApp
وزیراعظم یوتھ بزنس اور ایگریکلچر لون اسکیموں کے تحت ذاتی قرضوں کی حد 75 لاکھ روپے سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے اور عمر کی حد 21 سے کم کرکے 18 سال کردی گئی، 30 فیصد قرضے خواتین کے لیے مختص ہوں گے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم یوتھ بزنس اور ایگریکلچر لون اسکیموں کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں لون اسکیم کے تحت نوجوانوں کو قرضوں کی فراہمی اور اسکیموں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ یوتھ بزنس اور ایگریکلچر لون اسکیموں کے تحت ذاتی قرضوں کی حد 75 لاکھ روپے سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے کر دی گئی ہے جو آسان اقساط پر فراہم کیے جائیں گے، رواں سال ان اسکیموں کے تحت نوجوانوں کو قرضوں کی فراہمی کے لیے مجموعی طور پر 292 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
وزیراعظم نے نوجوانوں کے لیے کاروباری اور زرعی سرگرمیوں میں مالی معاونت کے مؤثر انتظامات پر وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔
اجلاس میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے، کاروبار کے مواقع فراہم کرنے اور زرعی شعبے میں ان کی شمولیت بڑھانے کے حوالے سے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ قرضوں کی فراہمی کے پروگرام میں خواتین کے لیے 30 فیصد قرضے مختص کیے جائیں تاکہ انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانے اور کاروباری سرگرمیوں میں ان کی شمولیت بڑھانے کے مواقع میسر آئیں۔
وزیراعظم نے نوجوانوں کے لیے قرض حاصل کرنے کی کم از کم عمر کی حد 21 سال سے کم کرکے 18 سال کرنے کی ہدایت کی تاکہ نوجوانوں کو کم عمری میں ہی کاروبار شروع کرنے اور زرعی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (SMEDA) نوجوانوں کو کاروبار کے آغاز، رہنمائی، کاروباری مشاورت اور تکنیکی معاونت سمیت اسکیم کے تحت ہر ممکن معاونت فراہم کرے۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو نوجوانوں میں ان اسکیموں، دستیاب مواقع اور حکومتی اقدامات سے متعلق ملک گیر سطح پر وسیع پیمانے پر آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان ان سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے، ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے اور انہیں باعزت و پیداواری روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
بریفنگ میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ جنوری 2023ء سے لے کر اب تک 581341 نوجوانوں کو قرضہ فراہم کیا گیا ہے جو کہ پچھلے دس سال کی بہ نسبت 10 گنا زیادہ ہے، اس دوران 313.9 ارب روپے کے قرضہ جات دیئے جاچکے ہیں، 2026-27ء کے دوران 266700 نوجوانوں کو 292 بلین قرضہ دینے کا تخمینہ ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے امورِ نوجوانان رانا مشہود احمد خان اور وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی امور طلحہ برکی نے شرکت کی۔.