موسیقی اور تعلیم: ذہن، روح اور شعور کا ہم نوا سفر

3 hours ago 3

Want Your Business Featured Here?

Get instant exposure to our readers

Chat on WhatsApp

ذرا ٹھہر کر کائنات کی نبض پر ہاتھ رکھیں تو محسوس ہوتا ہے کہ یہ پوری دنیا ایک خاموش مگر مسلسل نغمہ گاہ ہے۔

پرندوں کی چہچہاہٹ میں صبح کی امید گاتی ہے، آبشاروں کے شور میں فطرت کی بے ساختہ لے موج زن ہوتی ہے، پتوں کی سرسراہٹ میں ہوا اپنا ساز چھیڑتی ہے، چشموں کی روانی میں نغمگی کا ایک شفاف تسلسل بہتا ہے۔ بارش کی رم جھم زمین اور آسمان کے درمیان ایک مترنم مکالمہ معلوم ہوتی ہے، سمندر کی لہریں اپنے اتار چڑھاؤ سے ردھم کا سبق دیتی ہیں، جھینگر کی آواز رات کی خاموشی میں ایک مستقل دُھن کی طرح گونجتی ہے، بادلوں کی گرج میں بھی ایک مخصوص آہنگ پوشیدہ ہے۔

حتیٰ کہ ماں کی لوری، بچے کی ہنسی، قدموں کی چاپ، دل کی دھڑکن اور سانس کی آمد و رفت، یہ سب زندگی کے وہ نغمے ہیں جن سے انسان لاشعوری طور پر ہم آہنگ رہتا ہے۔ گویا موسیقی انسان کی ایجاد سے پہلے بھی موجود تھی۔ انسان نے تو محض اس کائناتی ساز کو پہچانا، ترتیب دیا اور اسے تعلیم و تہذیب کا حصہ بنا لیا۔

اسی فطری حقیقت کے پیشِ نظر موسیقی کو محض تفریح سمجھنا ایک سطحی تصور ہے۔ انسانی تہذیب کی تاریخ پر نگاہ ڈالیں تو معلوم ہوتا ہے کہ موسیقی محض تفریح یا دل بہلانے کا وسیلہ نہیں رہی بلکہ انسانی شعور کی تشکیل، جذبات کی تہذیب اور اجتماعی زندگی کی تنظیم میں اس نے بنیادی کردار ادا کیا ہے۔

درحقیقت موسیقی انسانی ذہن، جذبات اور شخصیت سازی کے عمل سے گہرا تعلق رکھتی ہے۔ اگر تعلیم انسان کے ذہن کو منظم کرنے کا عمل ہے تو موسیقی اس کے احساسات کو ترتیب دینے کا ہنر۔ تعلیم شعور کو روشنی دیتی ہے اور موسیقی اس روشنی میں لطافت، توازن اور جمال پیدا کرتی ہے۔

علم اگر خشک شاخ ہے تو موسیقی اس پر کھلنے والا پھول۔ شاید اسی لیے دنیا کی بڑی تہذیبوں اور علمی روایتوں میں موسیقی کو ہمیشہ تعلیم کا معاون عنصر سمجھا گیا۔

قدیم یونان کے فلسفی افلاطون نے موسیقی کو تعلیم کا لازمی جز قرار دیتے ہوئے لکھا تھا کہ ’Music gives a soul to the universe, wings to the mind, flight to the imagination and life to everything.‘ افلاطون کے نزدیک موسیقی انسانی کردار کی تعمیر میں اتنی ہی اہم ہے جتنی منطق اور فلسفہ۔ ان کے شاگرد ارسطو بھی اس خیال کے حامی تھے کہ موسیقی جذبات کی تہذیب کرتی ہے اور انسان کو توازن عطا کرتی ہے۔

جدید تحقیق نے بھی ان خیالات کی توثیق کی ہے۔ امریکی ماہرِ تعلیم اور ماہرِ نفسیات Howard Gardner نے مشہورِ زمانہ متعدد ذہانتوں کے نظریے (Multiple Intelligences) میں موسیقیاتی ذہانت (Musical Intelligence) کو انسانی ذہانت کی ایک مستقل قسم قرار دیا۔

ان کے مطابق ہر انسان میں موسیقی کو سمجھنے، تال محسوس کرنے اور آوازوں میں ربط پیدا کرنے کی فطری صلاحیت موجود ہوتی ہے اور تعلیم اگر اس صلاحیت کو نظر انداز کرے تو دراصل وہ انسانی استعداد کے ایک اہم باب کو بند کر دیتی ہے۔

اسی طرح Frances Rauscher اور ان کے ساتھیوں کی تحقیق، جسے عمومی طور پر Mozart Effect کہا جاتا ہے، نے یہ ظاہر کیا کہ موسیقی سننے اور موسیقی کی باقاعدہ تربیت حاصل کرنے والے طلبہ میں spatial reasoning اور مسئلہ حل کرنے کی صلاحیت نسبتاً بہتر پائی گئی۔ اگرچہ بعد ازاں اس نظریے کی مختلف سطحوں پر مزید جانچ ہوئی، مگر یہ بات واضح ہوئی کہ موسیقی دماغی فعالیت پر مثبت اثرات مرتب کرتی ہے۔

تعلیمی نفسیات کے میدان میں Daniel Levitin نے اپنی کتاب ’This Is Your Brain on Music‘ میں لکھا کہ موسیقی دماغ کے مختلف حصوں کو ایک ساتھ متحرک کرتی ہے۔ یادداشت، توجہ، جذبات اور حرکی نظام سب ایک مربوط انداز میں سرگرم ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جو بچے موسیقی سیکھتے ہیں، ان میں ذہنی توجہ (concentration)، نظم و ضبط (discipline) اورسننے کی مہارتیں (listening skills) زیادہ مضبوط دیکھی گئی ہیں۔

عملی زندگی میں اس کی بے شمار مثالیں موجود ہیں۔ چھوٹے بچوں کو حروفِ تہجی، اعداد اور بنیادی معلومات اکثر نظموں اور دُھنوں کے ذریعے یاد کروائی جاتی ہیں۔ اگر کسی بچے کو خشک انداز میں ’الف، ب، پ‘ سکھایا جائے تو وہ شاید جلد اکتا جائے، مگر یہی حروف جب ترنم میں ڈھل جائیں تو یادداشت کے دریچے خود بہ خود کھلنے لگتے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستان سمیت دنیا بھر کے تعلیمی اداروں میں morning assembly کے دوران قومی ترانے، دعائیں اور اجتماعی نظمیں محض رسمی سرگرمیاں نہیں ہوتیں: یہ اجتماعی نظم و ضبط، حب الوطنی اور باہمی ہم آہنگی پیدا کرنے کا ذریعہ بھی بنتی ہیں۔ ایک سکول کا بچہ جب ہم جماعتوں کے ساتھ یک آواز ہو کر گاتا ہے تو وہ صرف الفاظ نہیں دہراتا بلکہ اجتماعی شعور کا حصہ بنتا ہے۔

طب اور تعلیم کے اشتراک سے بھی موسیقی کی اہمیت واضح ہوتی ہے۔ خصوصی تعلیم کے شعبے میں autism spectrum disorder (ASD) کے حامل بچوں کے لیے موسیقی کے ذریعے علاج (music therapy) ایک مؤثر ذریعہ ثابت ہوا ہے۔ موسیقی ایسے بچوں میں سماجی روابط، بات چیت کی مہارت (communication skills) اورجذبات کی تنظیم (emotional regulation) بہتر بنانے میں مدد دیتی ہے۔ اسی طرح بھولنے کی بیماری (dementia) اور Alzheimer’s کے مریضوں پر ہونے والی تحقیق میں بھی موسیقی نے یادداشت کے احیا میں مثبت کردار دکھایا ہے۔

یہ حقیقت بھی قابلِ غور ہے کہ موسیقی انسان میں تخلیقی صلاحیتوں کو بیدار کرتی ہے۔ ایک طالب علم جو ساز بجاتا ہے یا گانا سیکھتا ہے، وہ صبر (patience)، تکرار (repetition)، غلطیوں کی اصلاح (error correction) اور استقامت (persistence) جیسے اوصاف خود بہ خود سیکھتا ہے۔ دراصل موسیقی خاموشی سے انسان کو زندگی کے بڑے اسباق پڑھاتی ہے: کب رکنا ہے، کب بلند ہونا ہے، کب دوسروں کے ساتھ ہم آہنگ ہونا ہے اور کب اپنی انفرادیت کو آواز دینی ہے۔

بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں تعلیم کو اکثر محض امتحان، نمبر اور ڈگری تک محدود کر دیا گیا ہے۔ نصاب کا بوجھ اتنا بڑھا دیا گیا ہے کہ بچے کے اندر موجود جمالیاتی حس دم توڑنے لگتی ہے۔ حالانکہ تعلیم کا مقصد صرف روزگار نہیں، بلکہ انسان سازی ہے اور انسان سازی محض کتابوں سے نہیں ہوتی۔ اس کے لیے فنون، ادب اور موسیقی جیسے عناصر بھی ناگزیر ہیں۔

ایک ایسا تعلیمی نظام جو موسیقی کو نظر انداز کرے، گویا وہ ذہن کو تو تربیت دیتا ہے مگر روح کو بھوکا چھوڑ دیتا ہے۔ موسیقی انسان کو نرم اور حساس بناتی ہے، سننا سکھاتی ہے، انتظار سکھاتی ہے اور حسن کی پہچان عطا کرتی ہے۔ یہی اوصاف ایک مہذب معاشرے کی بنیاد ہیں۔

موسیقی اور تعلیم دو الگ راستے نہیں بلکہ ایک ہی سفر کے دو ہم قدم ہیں۔ ایک ذہن کو روشنی دیتی ہے اور دوسری اس روشنی میں رنگ بھرتی ہے۔ جب کمرۂ جماعت میں علم کے ساتھ آہنگ بھی شامل ہو جائے تو تعلیم محض معلومات کی منتقلی نہیں رہتی بلکہ شخصیت کی تعمیر کا مکمل عمل بن جاتی ہے۔

مصنف ماہرِ تعلیم، محقق اور کالم نگار ہیں۔ وہ گذشتہ دو دہائیوں سے شعبۂ تعلیم سے وابستہ ہیں اور اس وقت آغا خان یونیورسٹی ایگزامینیشن بورڈ، کراچی سے منسلک ہیں۔ وہ تعلیم، زبان، ادب، ثقافت اور معاشرتی موضوعات پر باقاعدگی سے لکھتے ہیں۔

نوٹ: یہ تحریر مصنف کی ذاتی آرا پر مبنی ہے، جس سے انڈپینڈنٹ اردو کا متفق ہونا ضروری نہیں۔

ماں کی لوری، بچے کی ہنسی، قدموں کی چاپ، دل کی دھڑکن اور سانس کی آمد و رفت، یہ سب زندگی کے وہ نغمے ہیں جن سے انسان لاشعوری طور پر ہم آہنگ رہتا ہے۔
ہفتہ, اگست 29, 2026 - 08:00
Main image: 

<p class="rteright">1953 میں ایک شخص&nbsp;’اربا‘ نامی آلہ موسیقی بجا کر اپنے پرانے دیوتاؤں کی شان میں گیت پڑھ رہا ہے (تصویر: شویلا جونز)</p>

type: 
SEO Title: 
موسیقی اور تعلیم: ذہن، روح اور شعور کا ہم نوا سفر
Read Entire Article
Chatroom