قصور میں خاتون کے اندوہناک قتل کا معمہ حل، بھائی اور شوہر ہی قاتل نکلے

1 day ago 6

Want Your Business Featured Here?

Get instant exposure to our readers

Chat on WhatsApp
بہادر پورہ روہی نالہ سے ملنے والی خاتون کی لاش کا معمہ حل ہوگیا، پولیس نے قتل میں ملوث مقتولہ کے بھائی اور شوہر کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان نے مبینہ طور پر خاتون کو بجلی کی تار سے گلا گھونٹ کر قتل کرنے کے بعد لاش بوری میں بند کرکے آٹو رکشے میں لے جا کر نالے کے قریب پھینک دی تھی۔ ڈی پی او قصور آفتاب احمد پھلروان نے ڈسٹرکٹ پولیس لائن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ مقتولہ مہک بی بی کی لاش 21 اکتوبر کو بہادر پورہ روہی نالے سے ملی تھی۔ مقتولہ کے بھائی سید وقار حسین نے تھانہ صدر قصور میں نامعلوم افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کروایا تھا۔ ایف آئی آر کے مطابق مہک بی بی رشتہ دیکھنے کے لیے گھر سے گئی تھی، تاہم واپس نہیں آئی۔ بعدازاں اس کی لاش نالے سے برآمد ہوئی، جسے نامعلوم ملزمان نے قتل کرکے وہاں پھینک دیا تھا۔ ڈی پی او کے مطابق پولیس ٹیموں نے جدید اور سائنسی بنیادوں پر تفتیش کرتے ہوئے جائے وقوعہ کی جیو فینسنگ کرائی اور سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز کا جائزہ لیا۔ تفتیش کے دوران جائے وقوعہ کے قریب ایک مشکوک آٹو رکشہ نظر آیا، جس کا روٹ بیک ٹریک کرنے پر وہ مقتولہ کے گھر کی جانب سے آتا ہوا پایا گیا۔ پولیس کے مطابق مدعی مقدمہ سید وقار حسین کے بیانات میں تضاد سامنے آنے پر اسے سی سی ٹی وی فوٹیجز دکھائی گئیں تو اس نے اصل حقائق بیان کردیے۔ تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ مقتولہ کا بھائی وقار حسین اور بہنوئی بشارت اس کے قتل میں ملوث ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے مبینہ طور پر مہک بی بی کے گلے میں بجلی کی تار ڈال کر اسے قتل کیا، پھر لاش بوری میں بند کرکے آٹو رکشے میں منتقل کی اور بہادر پورہ روہی نالے کے کنارے پھینک دی۔ پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے مبینہ آلہ قتل بجلی کی تار اور واردات میں استعمال ہونے والا آٹو رکشہ برآمد کرلیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔ ڈی پی او قصور آفتاب احمد پھلروان نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیموں کے لیے نقد انعام اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔
Read Entire Article
Chatroom