Want Your Business Featured Here?
Get instant exposure to our readers
Chat on WhatsApp
وزیراعظم شہباز شریف نے پنجاب میں قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی کے دو حلقوں میں ضمنی انتخاب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی کامیابی پر امیدواروں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی اعتماد پر پورا اترنے کے لیے خدمت، ترقی اور خوش حالی کا سفر مزید تیز کیا جائےگا۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پنجاب میں ضمنی انتخاب میں کامیابی پر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار محمد اسد حنیف کو مبارک باد دی اور کہا کہ ضمنی انتخابات میں عوام کا اعتماد مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور حکومت کی پالیسیوں پر ان کے بھرپور اعتماد کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام نے ترقی، خوش حالی اور عوامی خدمت کے ایجنڈے پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، یہ کامیابی مسلم لیگ (ن) کی قیادت، کارکنوں اور عوام کی مشترکہ جدوجہد کا نتیجہ ہے۔
وزیراعظم نے ضمنی انتخابات کے پرامن انعقاد پر متعلقہ اداروں اور الیکشن کمیشن کی کاوشوں کو بھی سراہا اور کہا کہ عوامی اعتماد پر پورا اترنے کے لیے خدمت، ترقی اور خوش حالی کا سفر مزید تیز کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کامیابی پر اظہار تشکر
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے قومی اور صوبائی اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی کامیابی پر اظہار تشکر کیا اور قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-77 گجرانوالہ میں پارٹی کے امیدوار راشد بشیر وڑائچ اور پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی-203 چیچہ وطنی سے اسد حنیف کو مبارک باد دی۔
مریم نواز نے کہا کہ راشد بشیر وڑائچ اور اسد حنیف کی کامیابی مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت اور عوامی اعتماد کا ثبوت ہے، مسلم لیگ (ن) کی کامیابی عوام کے اعتماد اور محبت کا مظہر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گجرانوالہ اور چیچہ وطنی کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کے حق میں فیصلہ دے کر خدمت کی سیاست کو سراہا ہے، عوام نے ایک بار پھر مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی کامیابی عوام کی محبت اور بھرپور اعتماد کا عکاس ہے۔