Want Your Business Featured Here?
Get instant exposure to our readers
Chat on WhatsApp
وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے دیوالی کے موقع پر ہندو برادری کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے سندھ بھر میں مندروں، مذہبی مقامات اور تقریبات کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
وزیر داخلہ سندھ نے اپنے پیغام میں کہا کہ دیوالی روشنی، خوشیوں، امن اور امید کا تہوار ہے، جو محبت، بھائی چارے، باہمی احترام اور مذہبی ہم آہنگی کا پیغام دیتا ہے۔ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتیں ملکی ترقی، خوشحالی اور استحکام میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
ضیاء الحسن لنجار کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت اقلیتوں کے مذہبی حقوق، آزادی اور جان و مال کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔ سندھ دھرتی صوفیائے کرام کی سرزمین اور رواداری، برداشت اور مذہبی ہم آہنگی کی امین ہے، دیوالی کے موقع پر حکومت ہندو برادری کی خوشیوں میں برابر کی شریک ہے۔
دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ دیوالی کے موقع پر ہندو مذہبی مقامات، مندروں اور تقریبات کے مقامات پر سیکیورٹی مزید مؤثر بنائی جائے اور مندروں سمیت دیگر مذہبی مقامات پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ دیوالی کی تقریبات کے دوران پولیس گشت اور نگرانی کا مؤثر نظام قائم رکھا جائے، حساس مقامات پر خصوصی حفاظتی اقدامات کیے جائیں اور داخلی و خارجی راستوں کی کڑی نگرانی یقینی بنائی جائے تاکہ مذہبی اجتماعات میں شرکت کرنے والوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جاسکے۔
وزیر داخلہ سندھ نے تمام ضلعی پولیس افسران کو سیکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کرنے اور متعلقہ افسران سے مسلسل رابطے میں رہنے کی ہدایت بھی کی۔
ضیاء الحسن لنجار نے واضح کیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور مذہبی آزادی کے احترام کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، دیوالی کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے اور اقلیتی برادری کو محفوظ ماحول فراہم کرنے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔