Want Your Business Featured Here?
Get instant exposure to our readers
Chat on WhatsApp
سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع مہمند اور شمالی وزیرستان میں دو الگ الگ مقامات میں پاک-افغان سرحد پر دراندازی کی دو کوششیں ناکام بنادیں اور کارروائی کے دوران فتنۃ الخوارج کے 13 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے28 اور 29 اپریل کو خیبر پختونخوا میں پاک-افغان سرحد پر دراندازی کی دو کوششیں ناکام بنا دی گئیں اور بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنہ الخوارج کے 13 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ضلع مہمند میں سیکیورٹی فورسز نے سرحد کے راستے دراندازی کی کوشش کرنے والے دہشت گردوں کے ایک گروہ کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا اور بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو نشانہ بنایا۔
بیان میں بتایا گیا کہ سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے نتیجے میں 8 خوارج ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اسی طرح ایک اور کارروائی شمالی وزیرستان میں بھی کی گئی، جہاں سیکیورٹی فورسز نے دراندازی کی ایک اور کوشش ناکام بناتے ہوئے شدید فائرنگ کے تبادلے میں مزید 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
کارروائیوں سے متعلق بتایا گیا کہ یہ کارروائیاں ایک بار پھر اس بات کی نشان دہی کرتی ہیں کہ افغان طالبان اپنی جانب مؤثر بارڈر مینجمنٹ یقینی بنانے میں ناکام رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں افغان حکام پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور اپنی سرزمین کو دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکیں جبکہ سیکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے پرعزم ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ علاقے میں مزید دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں اور قومی ایکشن پلان کے تحت وژن عزم استحکام کے مطابق ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔