سری لنکا نے منگل کو شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی، جس کے نتیجے میں انگلینڈ کی ون ڈے سہ ملکی کرکٹ سیریز کے فائنل میں پہنچنے کی امیدیں ختم ہو گئیں۔
فاسٹ بولر دلشان مدوشنکا نے کیریئر کی بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے 34 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں، جس کی وجہ سے پاکستان کی پوری ٹیم 110 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
اس سے قبل سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
گھر پر ون ڈے کرکٹ میں پاکستان کا یہ دوسرا کم ترین مجموعہ تھا۔ اس سے قبل پاکستان 2009 میں لاہور میں سری لنکا کے خلاف 75 رنز پر آل آؤٹ ہوا تھا۔
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں
راولپنڈی میں انگلینڈ کے خلاف ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کے دوسرے بڑے ہدف، 430 رنز، کا کامیابی سے تعاقب کرنے والے سری لنکا نے آج 18.1 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 114 رنز کا مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا۔
یہ ہدف قذافی سٹیڈیم میں فلڈ لائٹس کے تمام ٹاورز مکمل طور پر روشن ہونے سے پہلے ہی حاصل کر لیا گیا۔
پاکستان انگلینڈ کو دو مرتبہ شکست دینے کے بعد پہلے ہی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکا تھا۔ ان میں اتوار کو ایک وکٹ سے حاصل کی گئی سنسنی خیز فتح بھی شامل تھی۔
پاکستان نے ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں سری لنکا کو بھی 37 رنز سے ہرایا تھا۔
پاکستان نے تین فتوحات کے ساتھ لیگ مرحلہ چھ پوائنٹس پر مکمل کیا جبکہ سری لنکا کے چار پوائنٹس اور انگلینڈ کا کوئی پوائنٹ نہیں ہے۔
انگلینڈ کو فائنل میں پہنچنے کی امید برقرار رکھنے کے لیے منگل کو پاکستان کی فتح درکار تھی۔
پاکستان کی ابتدائی بیٹنگ کی مشکلات برقرار
پاکستان کی ابتدائی بیٹنگ کی مشکلات جاری رہیں اور ابتدائی پانچ بلے بازوں میں سے چار ایک ہندسے کے انفرادی سکور پر آؤٹ ہوئے۔
بائیں ہاتھ کے اوپنر معاذ صداقت کو صائم ایوب کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا، جو مسلسل کم سکور کر رہے تھے۔
فخر زمان کی خراب فارم برقرار رہی اور وہ مدوشنکا کی شارٹ پچ گیند پر پوائنٹ پر ایک آسان کیچ دے بیٹھے۔
معاذ اسیتھا فرنینڈو کی یارکر پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے جبکہ وکٹ کیپر بلے باز سعد بیگ نے مدوشنکا کی گیند پر شارٹ کور پر آسان کیچ دے دیا۔ اس طرح پاکستان کا سکور تین وکٹوں کے نقصان پر 46 رنز ہو گیا۔
بابر اعظم 29 رنز بنانے کے باوجود ایک بار پھر اچھی شروعات کو بڑے سکور میں تبدیل نہ کر سکے۔
ایشان ملنگا کی اندر کی جانب تیزی سے گھومتی بہترین گیند پر وہ واضح طور پر ایل بی ڈبلیو تھے لیکن انہوں نے ریویو بھی ضائع کر دیا۔
اتوار کو پاکستان کی جانب سے ناقابل یقین فتح کے ہیرو شاداب خان صرف پانچ گیندیں کھیل سکے۔
انہوں نے سہان آراچگے کی گیند پر سویپ شاٹ کھیلنے کی کوشش کی لیکن گیند ان کے دستانے سے لگ کر پیچھے چلی گئی، جہاں کوشل مینڈس نے آسان کیچ پکڑ لیا۔
اس کے بعد مدوشنکا کو دوبارہ بولنگ پر لایا گیا تو بائیں ہاتھ کے اس فاسٹ بولر نے مزید تین وکٹیں حاصل کر لیں اور یوں پاکستان کی پوری ٹیم 25.3 اوورز میں آؤٹ ہو گئی۔
پاکستانی کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا ’بدقسمتی سے گذشتہ تین یا چار میچوں سے ہماری ابتدائی بیٹنگ مسلسل ناکام ہو رہی ہے۔ اب ہمارے پاس تین دن ہیں، جن میں ہم پریکٹس کر سکتے ہیں۔
’ہم فائنل میں واپسی کریں گے اور بہتر بیٹنگ کریں گے۔ ہمیں اس میچ کو جلد بھلا کر گذشتہ میچوں کی مثبت باتوں کو سامنے رکھنا ہوگا۔‘
مینڈس کی قیادت میں ہدف کا تعاقب
سری لنکا کے کامندو مینڈس نے 60 گیندوں پر ناقابل شکست 62 رنز بنائے۔ ان کا کیچ اس وقت وکٹ کیپر نے چھوڑ دیا جب انہوں نے ابھی کھاتہ بھی نہیں کھولا تھا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
44 رنز پر بھی انہیں ایل بی ڈبلیو قرار دیا گیا لیکن انہوں نے ریویو پر فیصلہ اپنے حق میں تبدیل کرا لیا۔ بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے مینڈس نے اپنی اننگز میں آٹھ چوکے اور دو چھکے لگائے۔
انہوں نے چھکا لگا کر نصف سینچری مکمل کی، جب متبادل فیلڈر غازی غوری کیچ پکڑتے ہوئے اپنا پاؤں باؤنڈری سے چھو بیٹھے۔
سری لنکن اوپنر اویشکا فرنینڈو نے شاہین آفریدی کی گیند پر سیدھا چوکا لگایا لیکن بعد میں غلط ٹائمنگ کے ساتھ پل شاٹ کھیلنے کی کوشش میں مڈ وکٹ پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے 16 رنز بنائے۔
کوشل مینڈس عجیب انداز میں آٹھ رنز بنا کر بولڈ ہوئے۔ انہوں نے بائیں ہاتھ کے سپنر عرفات منہاس کی گیند کو دفاعی انداز میں کھیلنے کی کوشش کی لیکن گیند ان کے بلے کے پچھلے حصے سے ٹکرا کر وکٹوں سے جا لگی۔
پون رتھنائیکے، جنہوں نے راولپنڈی میں سری لنکا کی یادگار فتح کے دوران سینچری سکور کی تھی، 23 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
انہوں نے کامندو مینڈس کے ساتھ مل کر ناقابل شکست 52 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔
سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے کہا ’ہم نے پاور پلے میں بہت اچھی بولنگ کی۔ ہمارے فاسٹ بولنگ کوچ اس کارکردگی سے خوش ہیں۔
’تاہم کچھ شعبے ایسے ہیں جن میں ہمیں اب بھی بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ ممکن ہے کہ ہم اگلے میچ میں دو تبدیلیاں کریں۔‘
<p>بابر اعظم 27 اکتوبر، 2026 کو لاہور میں سری لنکا کے خلاف میچ کے اختتام پر سری لنکن بیٹر کے بلے کا معائنہ کر رہے ہیں (اے ایف پی)</p>
.png)
2 hours ago
2




English (US) ·