Want Your Business Featured Here?
Get instant exposure to our readers
Chat on WhatsApp
خیبرپختونخوا میں جامعات کو خسارے کا سامنا ہے، جس کے لیے حکومت نے وفاق سے 18 ارب روپے گرانٹ کا مطالبہ کردیا ہے۔
خیبرپختونخوا کے محکمہ اعلیٰ تعلیم نے چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کو خط ارسال کر دیا، جس میں سرکاری جامعات کے لیے 18 ارب روپے کی خصوصی گرانٹ دینے کا مطالبہ کیا گیا اور 34 سرکاری جامعات میں سے 26 مالی خسارے کا شکار ہیں۔
انہوں نے لکھا ہے کہ مجموعی خسارہ 5 ارب 60 کروڑ روپے تک پہنچ چکا ہے، سرکاری جامعات میں تقریباً 2 لاکھ طلبہ زیرتعلیم ہیں جو متاثر ہو رہے ہیں اور مالی مشکلات کے باعث طلبہ اور ان کے خاندانوں پر فیسوں کا بوجھ بڑھ رہا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 10 سال میں جامعات کو گرانٹس کی مد میں 18 ارب روپے کی کمی کا سامنا رہا ہے، تنخواہوں اور پنشن کے اخراجات میں مسلسل اضافہ بوجھ بن گیا ہے جبکہ گزشتہ تین سال میں ایچ ای سی کی گرانٹ میں 6.3 فیصد کمی ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فںڈز میں کمی کے باوجو اخراجات میں 18 فیصد سے زائد اضافہ ہوا، صوبائی حکومت نے جامعات کے لیے اپنی گرانٹ بڑھا کر 11 ارب 85 کروڑ روپے کر دی ہے لیکن یہ رقم مالی مشکلات کے مکمل خاتمے کے لیے ناکافی ہے۔
خط میں مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ خسارے کے باعث طلبہ پر فیسوں کا مزید بوجھ ڈالنا مناسب نہیں، وفاقی حکومت مالی معاونت فراہم کرے اور جامعات کو گرانٹس طلبہ کی تعداد کے تناسب سے دی جائیں۔