Want Your Business Featured Here?
Get instant exposure to our readers
Chat on WhatsApp
فضائی آلودگی اور اسموگ کے خاتمے کے لیے لاہور ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام آگاہی سائیکل ریلی نکالی گئی، جس میں سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی، ڈپٹی کمشنر لاہور، خواتین، بچوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
لبرٹی مارکیٹ سے شروع ہونے والی 13 کلومیٹر طویل سائیکل ریلی سی بی ڈی، کلمہ چوک، قذافی اسٹیڈیم، لبرٹی، مین بلیوارڈ گلبرگ اور صدیق ٹریڈ سینٹر سے ہوتی ہوئی واپس لبرٹی مارکیٹ پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ لاہور ٹریفک پولیس کی لیڈی وارڈنز کے دستے نے ریلی کی قیادت کی۔
اس موقع پر سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ سائیکلنگ کا فروغ فضائی آلودگی میں کمی اور صحت مند معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ شہری مختصر فاصلوں کے لیے موٹر سائیکل اور گاڑی کے بجائے سائیکل کو ترجیح دیں تاکہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی لائی جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ اسموگ کے تدارک کے لیے انفرادی اور اجتماعی سطح پر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا، کیونکہ اسموگ کے خلاف جنگ صرف حکومتی اداروں کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا تھا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی محض قانونی تقاضا نہیں بلکہ انسانی جانوں کے تحفظ کی ضمانت بھی ہے۔ صاف فضا، محفوظ سڑکیں اور صحت مند معاشرے کی تشکیل ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریلی میں خواتین کی شرکت ماحول دوست طرز زندگی اور خواتین کی خودمختاری کا مثبت پیغام ہے۔ لاہور ٹریفک پولیس شہریوں میں روڈ سیفٹی اور ماحولیاتی تحفظ سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق سائیکلنگ کو فروغ دے کر نہ صرف فضائی آلودگی پر قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے بلکہ صحت مند اور محفوظ معاشرے کی بنیاد بھی رکھی جاسکتی ہے۔