چینی صدر شی جن پنگ اور ان کے روسی ہم منصب ولادی میر پوتن نے بدھ کو جنوبی چینی شہر شینزین میں مذاکرات کا آغاز کیا، جو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ہونے والے تاریخی سہ فریقی سربراہی اجلاس سے ایک روز قبل ہو رہے ہیں۔
جمعرات کو ہونے والے اس سہ فریقی اجلاس نے یہ خدشات پیدا کر دیے ہیں کہ یہ تینوں طاقتور رہنما کیئف اور یورپ کو نظر انداز کر کے یوکرین کے مستقبل کا فیصلہ کر سکتے ہیں اور دنیا کو اکیسویں صدی کے حلقہ ہائے اثر میں تقسیم کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں
واشنگٹن نے پہلے یہ اشارہ دیا تھا کہ اجلاس میں یوکرین کے معاملے پر بات چیت متوقع نہیں ہے، جسے شی جن پنگ سختی سے چین کا مسئلہ نہیں سمجھتے، تاہم بعد میں ٹرمپ نے کہا کہ اس پر بات ہوگی۔
چین نے صرف اتنا کہا ہے کہ رہنما ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (اپیک) کے اجلاس کے موقعے پر ’عالمی امن کے تحفظ اور بڑی طاقتوں کے تعلقات میں سٹریٹجک استحکام کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال‘ کریں گے۔
واشنگٹن کے مطابق فروری میں جوہری ہتھیاروں سے متعلق امریکہ اور روس کے دوطرفہ معاہدے کی مدت ختم ہونے کے بعد، ایران جنگ اور جوہری تخفیفِ اسلحہ بھی زیرِ بحث آئیں گے۔
بیجنگ کا طویل عرصے سے یہ مؤقف رہا ہے کہ امریکہ اور روس کو اپنے وسیع جوہری ذخائر میں کمی کرنی چاہیے، اس سے پہلے کہ چین اپنے نسبتاً چھوٹے ذخیرے پر مذاکرات کے لیے راضی ہو۔
چینی اور روسی خبر رساں ایجنسیوں نے بدھ کی دوپہر اطلاع دی کہ شی جن پنگ اور ولادی میر پوتن نے مذاکرات کے لیے ملاقات کی ہے۔
یہ رواں سال دونوں رہنماؤں کی پانچویں ملاقات ہے، جن میں ایک ویڈیو لنک کے ذریعے ہونے والی ملاقات بھی شامل ہے۔
2022 میں یوکرین پر حملے کے ذریعے دوسری عالمی جنگ کے بعد یورپ کا بدترین تنازع شروع کرنے کے بعد سے مغرب نے پوتن کو سفارتی تنہائی کا شکار کر رکھا ہے۔
بدھ کو اپیک کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں شی جن پنگ اور ٹرمپ کے ساتھ ہونے والے سہ فریقی اجلاس کے ’انتہائی مفید‘ ثابت ہونے کی توقع ہے۔
پوتن نے کہا: ’ایسے وقت میں جب عسکری و سیاسی خطرات بڑھ رہے ہیں، تقسیم کے بجائے اتحاد اور الٹی میٹم کے بجائے مکالمے کی اشد ضرورت ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ 2022 میں یوکرین پر حملے کے بعد سے روس پر عائد کی گئی مغربی پابندیاں ناکام ہو چکی ہیں اور یہ دلیل دی کہ یہ پابندیاں ’ترقی کو مکمل طور پر روکنے یا حریفوں کی معیشتوں کو تباہ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتیں۔‘
اس سے قبل شی جن پنگ نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور آزاد تجارت پر وسیع تر بین الاقوامی تعاون کی اپیل کی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اجلاس کا افتتاح کرتے ہوئے شی جن پنگ نے کہا: ’ٹیرف میں کمی، منڈیوں تک رسائی میں توسیع اور ضوابط و انتظام کے معیارات کا جائزہ لے کر چین گہری اصلاحات نافذ کرے گا۔‘
روسی حکام کے مطابق شی اور پوتن کے درمیان توانائی اور مالیات اور اس کے بعد ایک محدود نشست میں یوکرین اور شمالی کوریا سمیت خارجہ پالیسی پر تبادلہ خیال متوقع تھا۔
ٹرمپ بدھ کو بھی فلپائن میں موجود تھے، جہاں ایک روز قبل انہوں نے اپنی دوسری مدتِ صدارت میں پہلی بار کواڈ کے دیگر رکن ممالک آسٹریلیا، جاپان اور انڈیا کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔
اس اتحاد کا بنیادی مقصد خطے میں چین کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کا توازن برقرار رکھنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اپنے اگلے پڑاؤ شینزین میں پوتن اور کم جونگ اُن کے ساتھ ون آن ون ملاقاتوں کے خواہاں ہیں اور کہا کہ شمالی کوریا کے رہنما چین میں ملاقات کرنا ’چاہیں گے‘۔
دوسری جانب امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے بدھ کو کم جونگ اُن کے ساتھ ملاقات کی تصدیق کرنے سے گریز کیا۔
فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں بات کرتے ہوئے روبیو نے کہا: ’اگر ہمیں شمالی کوریا کے ساتھ کوئی مسئلہ درپیش ہے، تو اسے حل کرنے کا واحد راستہ یہی ہے کہ ہم ان کے ساتھ رابطہ اور بات چیت کریں۔‘
ٹرمپ جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی 11 رکنی تنظیم (آسیان) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے فلپائن میں تھے۔
ان کے دورے کے دوران تقریباً دو ہزار افراد نے مظاہرے کیے، جنہوں نے ’ٹرمپ ابھی واپس جاؤ‘ اور ’پیکس سلیکا مسترد کرو‘ کے بینرز اٹھا رکھے تھے جو امریکہ کے ایک سپلائی چین منصوبے کا حوالہ ہے۔
<p class="rteright">چین کے شہر شینزین میں 18 نومبر، 2026 کو اپیک سربراہی اجلاس کے موقعے پر روسی صدر ولادی میر پوتن اور چینی صدر شی جن پنگ ملاقات سے قبل مصافحہ کر رہے ہیں (اے ایف پی)</p>
.png)
6 hours ago
5



English (US) ·