Want Your Business Featured Here?
Get instant exposure to our readers
Chat on WhatsApp
ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکی افواج آبنائے ہرمز میں داخل ہونے یا وہاں آپریشن کرنے کی کوشش کریں گی تو انہیں نشانہ بنایا جائے گا۔
یہ بیان ایرانی فوج کی جانب سے اس وقت سامنے آیا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز میں پھنسے جہازوں کو نکالنے کے لیے بحری مشن کا اعلان کیا۔
ایرانی فوج کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس اہم آبی گزرگاہ کی سیکیورٹی مکمل طور پر ایران کی مسلح افواج کے ہاتھ میں ہے اور یہاں سے گزرنے والی ہر قسم کی بحری آمد و رفت کو ایرانی افواج کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے ساتھ انجام دینا ہوگا۔
بیان میں تجارتی جہازوں اور تیل بردار ٹینکرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بغیر اجازت یا رابطے کے آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش نہ کریں، کیونکہ اس سے ان کی سیکیورٹی کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
ایرانی حکام کے مطابق وہ اس آبی راستے کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔
ایرانی فوج نے اپنے بیان میں خاص طور پر خبردار کیا کہ کسی بھی غیر ملکی فوجی قوت، خصوصاً امریکا کی فوج، اگر آبنائے ہرمز کے قریب آنے یا داخل ہونے کی کوشش کرے گی تو اس کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔
ماہرین کے مطابق اس بیان کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے، جبکہ عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل پر بھی اس کے اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے، کیونکہ آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین تیل گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے۔