Want Your Business Featured Here?
Get instant exposure to our readers
Chat on WhatsApp
کراچی میں پانی کی فراہمی معمول کے مطابق بحال کرنے کے لیے دھابیجی اور پپری پمپنگ اسٹیشنز پر سالانہ مینٹیننس کا کام مکمل کرلیا گیا، جس کے بعد تمام پمپس فعال کردیے گئے ہیں۔
ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق سالانہ شٹ ڈاؤن کے دوران اہم مرمتی اور ترقیاتی کام مکمل کیے گئے، دھابیجی پر 60 انچ قطر کا نیا والو نصب کردیا گیا جبکہ تمام پمپ ہاؤسز کی سالانہ مینٹیننس بھی مکمل کرلی گئی۔
ترجمان کے مطابق دھابیجی کے آپریٹنگ سسٹم سے متعلق ضروری مرمتی کام، لائن نمبر ایک کے والو اور اسٹاف کالونی کی اندرونی پانی کی لائن کی مرمت بھی مکمل کرلی گئی۔
پپری پمپنگ اسٹیشن کے تمام پمپ ہاؤسز کی سالانہ مینٹیننس اور آپریٹنگ سسٹم سے متعلق ضروری مرمتی کام بھی مکمل کیے گئے ہیں۔
ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق شاہراہِ بھٹو کی الائنمنٹ میں 32 انچ قطر کی 150 فٹ طویل پانی کی لائن تبدیل کردی گئی جبکہ نئی لائن پر بٹر فلائی والو بھی نصب کیا گیا ہے۔ ہالیجی کنڈیوٹ میں پانی کی لائن کی لیکیج کی مرمت بھی مکمل کرلی گئی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ دھابیجی کے تمام پمپس فعال ہونے کے بعد کراچی کو پانی کی فراہمی معمول کے مطابق بحال کردی گئی ہے، جبکہ لانڈھی، کورنگی، ملیر اور شاہ فیصل ٹاؤن میں پانی کی فراہمی بتدریج معمول پر آرہی ہے۔