پی ایس ایل سونے کی کان

16 hours ago 2

Want Your Business Featured Here?

Get instant exposure to our readers

Chat on WhatsApp
’’پی ایس ایل کی ایک ٹیم فروخت نہیں ہو رہی کیا کریں؟‘‘ 2015 میں ایک دن جب قذافی اسٹیڈیم میں اس وقت کی پی سی بی ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے اپنے رفقا سے یہ سوال پوچھا تو کسی کے پاس کوئی جواب نہ تھا، ایسے میں خود سیٹھی صاحب کے ذہن میں ایک نام آیا اور وہ ندیم عمر کا تھا۔ انھوں نے فوری طور پر ان سے رابطہ کیا اور ملک و قوم کیلیے لیگ کی اہمیت بیان کرتے ہوئے ٹیم خریدنے پر آمادہ کر لیا، حالانکہ ندیم عمر اس کے حق میں نہیں تھے، انھیں بعض رفقا نے بھی منع کیا لیکن نجم سیٹھی کے اصرار پر مان کیے، وہ کراچی کرکٹ کی جان مانی شخصیت ہیں لیکن ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ملی، 170 کے حساب سے 11 لاکھ ڈالر میں ڈیل فائنل ہوئی، پاکستانی روپے میں یہ تقریبا 19 کروڑ روپے سے زائد سالانہ بنے، سب سے مہنگی ٹیم ملتان سلطانز 6.3 ملین ڈالر میں بکی تھی۔ کوئٹہ پی ایس ایل کی سب سے سستی فرنچائز تو بن گئی لیکن اس کے پاس بڑے شہروں کے ناموں والی ٹیموں کے مقابلوں میں کاروباری مواقع بھی کم تھے، حسب توقع آغاز میں نقصان بھی اٹھانا پڑا لیکن جب پی ایس ایل کامیاب ہوئی تو گلیڈی ایٹرز بھی تھوڑا بہت کمانے ہی لگے، پی ایس ایل کا فنانشل ماڈل بہت منفرد ہے، یہاں 2 ارب روپے فیس دینے والے کو بھی سب سے سستی ٹیم کے برابر ہی سینٹرل پول ریونیو حاصل ہوتا ہے۔ گزشتہ برس غالبا 98 کروڑ فی فرنچائز حصہ بنا تھا، البتہ اس میں 70 کروڑ تک کھلاڑیوں کی فیس، سفری و رہائشی اخراجات و دیگر میں منہا ہو جاتے ہیں، اگر جو فیس دی اسے بھی مائنس کر لیں تو شاید کچھ خسارہ ہی ہو، ایسے میں فرنچائزز کی اپنی آمدنی بھی اہمیت اختیار کر جاتی ہے لیکن اس میں سب بے حد پیچھے ہیں، اگر کوئی کسی کمپنی سے 50 کروڑ کی ڈیل کرے تو دوسری فرنچائز 25 میں بھی تیار ہو جاتی ہے، پھر وہ کمپنی سوچتی ہے ہم پی سی بی کے پاس ہی چلے جاتے ہیں وہاں زیادہ فائدہ ہے، اسی لیے مارکیٹ پنپ نہیں پائی۔ پاکستان میں ایمرٹس اور قطر ایئر لائنز کی تمام فلائٹس فل ہوتی ہیں لیکن کیا کبھی انھیں آئی پی ایل کی طرح ہماری لیگ کو اسپانسر کرتے دیکھا؟ دیگر بڑی کمپنیز چھوٹی لیگز میں بھی متحرک ہوتی ہیں لیکن کیا وہ پی ایس ایل میں نظر آئیں؟ ہماری لوکل کمپنیز ایک مخصوص حد تک ہی جا سکتی ہیں، جب تک جوئے کی سیروگیٹ ایڈورٹائزنگ جاری رہی لوگوں نے بہت پیسہ کمایا، پابندی پر وہ پریشان ہوگئے، اسی لیے مالی لحاظ سے ایک حد سے آگے لیگ نہیں جا سکی۔ سال کے 10 ماہ بیشتر فرنچائزز آرام سے سوتی بھی رہتی ہیں، صرف 2 ماہ ہی شور مچتا ہے، اس لیے بھی زیادہ ہائپ نہیں بن پاتی، پاکستان میں مرچنڈائس کی فروخت کا سسٹم بھی نہیں چلتا، کوئی ٹیم اپنی شرٹ اگر 2 ہزار روپے میں بیچتی ہے تو وہی مارکیٹ میں 200 میں بھی مل جاتی ہے، ان تمام معاملات کے باوجود پی ایس ایل نے 10 سال نکال دیے۔ ٹائٹل اسپانسر اور میڈیا رائٹس سے سینٹرل پول میں رقم بھی جمع ہوتی گئی، بیشتر کا 95 فیصد حصہ فرنچائزز کو ہی جاتا ہے، پی سی بی کا انحصار فیس پر ہوتا ہے، 10 ویں ایڈیشنز کے بعد جب معاہدوں کی تجدید اور 2 نئی ٹیموں کی شمولیت کا وقت آیا تب بورڈ نے لیگ اور فرنچائزز کی ایویلویشن کروائی، نئی ویلیو یا پرانی فیس کا 25 فیصد جو بھی زیادہ ہو اس پر ٹیم برقرار رکھنے کا آپشن دیا گیا۔ اس سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی فیس بھی تقریباً 36کروڑ ہوگئی، ملتان سلطانز کے اونر پہلے ہی نقصان کا رونا رو رہے تھے وہ کہاں سے ایک ارب 35 کروڑ سے زائد فیس دیتے، یوں اس ٹیم کے بھی نئے اونر کی تلاش شروع ہوئی، ایسے میں امریکی بزنس مین فواد سرور نے ساری مارکیٹ ہی الٹ پلٹ دی۔ انھوں نے حیدرآباد کنگز مین کو ایک ارب 75 کروڑ میں خرید لیا، بورڈ حکام تو خوشی سے سرشار ہوگئے، ملتان (پرانا نام سیالکوٹ) ٹیم تو اس سے بھی مہنگی بک گئی، پھر 2ارب 45کروڑ کی راولپنڈیز نے تمام ریکارڈز توڑ دیے، اب مسئلہ وہی فنانشل ماڈل کا آیا کہ 36 کروڑ والی کوئٹہ کا بھی وہی شیئر ہوگا جو اربوں کی ٹیم کا ہے، اگرچہ ابھی اس پر بات نہیں ہوئی لیکن پھر بھی بورڈ کو پتا لگ چکا ہے کہ وہ ٹیم 250 کروڑ کی بھی بیچ سکتا ہے، ایسے میں پرانے اونرز 10 سالہ نئے معاہدوں کے باوجود خطرے میں ہیں،اگر انھوں نے کوئی بھی موقع دیا تو مسائل ہو سکتے ہیں۔ اب سوال یہ سامنے آتا ہے کہ جب 2 ارب میں ٹیمیں فروخت ہو رہی ہیں تو 36 کروڑ والی ٹیم کوئٹہ کیوں چھوڑ کر جا رہی ہے، اس کی واضح وجہ اونرز میں فرق ہے، فواد سرور اتنے امیر ہیں کہ آدھی ٹیمیں خرید لیں انھیں کوئی فرق نہیں پڑتا، گوہر شاہ بھی برطانوی بزنس مین ہیں، اگر اسی طرح فارن اونر شپ ملتی رہی تو اربوں آتے رہیں گے، ورنہ  بڈنگ میں سب نے دیکھا کہ پاکستانی کمپنیز تو ایک حد سے آگے گئی ہی نہیں تھیں، جو گئیں ان کے معاملات بھی اچھے نہیں چل رہے، البتہ ندیم عمر ایک حد سے آگے نہیں بڑھ سکتے، انھیں اپنے دوسرے بزنس بھی دیکھنے ہیں، پھر ذہنی سکون بھی اہمیت رکھتا ہے۔ گزشتہ کچھ برسوں سے بعض مسائل بھی موجود ہیں جنھیں حل کرنا چاہیے، دو سال سے فرنچائز اپنے ریونیو شیئرز کی منتظر ہیں، گزشتہ برس ایک اہم اسٹیک ہولڈر نے ادائیگی نہیں کی اور وہ اب تک بہانے ہی بنا رہا ہے، رواں سال کسی اور کو لایا گیا تو وہ بھی بڑے بڑے دعوے کرنے کے بعد اب نقصان کا جواز دے کر ادائیگی سے انکاری ہے، اس میں پی ایس ایل کے ایک آفیشل کی بھی کوتاہی ہے جس نے لازمی بینک گارنٹی نہیں لی۔ پی سی بی کے اعلیٰ حکام کا صبر اب ختم ہوتا جا رہا ہے اسی لیے گزشتہ میٹنگز میں دونوں کمپنیز کو آخری وارننگ دی جا چکی، ڈیڈ لائن تو گزر چکی اور اب جلد کسی فیصلے کا امکان ہے، جب تک یہ ایشو حل نہیں ہوتا مالی معاملات جمود کا شکار رہیں گے، مستقبل میں بھی ’’ڈیو ڈیلیجنس‘‘ (جانچ پڑتال) کا عمل بہتر بنانا ہوگا۔ لیگ کی ایک مارکیٹنگ ٹیم ہونی چاہیے جو بڑی بڑی کمپنیز کو بھی اسپانسر شپ کیلیے راغب کرے، فرنچائز بھی اپنے ذرائع آمدنی بڑھانے کیلیے ذہین مارکیٹنگ ایگزیکٹیوز کا تقرر کریں، دیگر آپشنز بھی دیکھیں، پی ایس ایل سونے کی کان ہے، پی سی بی نے فرنچائزز کو اس سے سونا نکالنے کا لائسنس دیا ہوا ہے، اگر اس کے باوجود کوئی کچھ نہیں کما رہا تو اسے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے۔
Read Entire Article
Chatroom