Want Your Business Featured Here?
Get instant exposure to our readers
Chat on WhatsApp
تھانہ یکہ توت کی حدود گلدرہ روڈ میں قتل ہونے والی 2بہنوں کی شناخت ہوگئی جن میں ایک شادی شدہ جبکہ دوسری غیرشادی شدہ ہے تاہم انہیں نشانہ بنانے والے مسلح شخص کی شناخت نہ ہوسکی نہ ہی ورثاءنے پولیس سے رابطہ کیا ہے جس کے بعد پولیس نے اپنی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف دوہرے قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔
پولیس کے مطابق ہفتہ کی رات گلدرہ روڈ پر نامعلوم افراد نے رکشا پر فائرنگ کرکے 2خواتین کو قتل کیا۔ مقتولین کے موبائل فونز کے ذریعے ان کے ورثا سے رابطے کیے گئے جنہوں نے بتایاکہ دونوں بہنیں ہیں جن کی شناخت35سالہ روبینہ زوجہ قدیم اقبال اور36سالہ فاطمہ دختران خائستہ خان سکنہ صدہ کرم سے ہوئی ہیں۔
انہوں نے بتایاکہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق مقتول بہنوں کی والدہ بیمار ہے جسے وہ پشاور لیکر آئے تھے جبکہ وہ پھندومیں رشتہ داروں کے گھرآئے تھے ۔ پولیس کاکہناہے کہ ورثا نے کسی پر دعویداری نہیں کی نہ ہی وہ نعشیں لینے آئے ہیں جس کے باعث دونوں کی نعشیں مردہ خانے میں پڑی ہیں۔ دوہرے قتل سے متعلق مختلف شکوک وشہبات ظاہرکیے جارہے ہیں تاہم ورثا کے آنے اور فائرنگ کرنے والے شخص کی گرفتاری کے بعد حقائق سامنے آسکیں گے۔
ادھر مقتولین پر فائرنگ کی ویڈیوزبھی منظر عام پر آگئیں ہیں جس میں دیکھاجاسکتا ہے کہ دوخواتین گلدرہ کے علاقے میں پیدل آرہی ہیں اور وہ رکشا روک کر اس میں سوار ہوتی ہیں۔ جیسے ہی رکشا روانہ ہوتا ہے پیچھے سے ایک مسلح شخص دوڑتا ہوا آتا ہے اور ان پر پستول سے اندھا دھند فائرنگ کرتا ہے جس سے دونوں بہنیں موقع پر جاں بحق جبکہ رکشہ ڈرائیور بھی خوف کی وجہ سے رکشہ سے باہرنکلتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھاجاسکتا ہے کہ مسلح شخص 6گولیاں فائرکرتا ہے جس سے علاقہ میں خوف وہراس پھیل جاتا ہے اور لوگ گھروں سے باہر نکل آتے ہیں۔ شدید فائرنگ سے وہاں موجود دکاندار اور بچے بھی سہم جاتے ہیں۔بعدازاں ملزم ہاتھ میں پستول لہراتے ہوئے مین روڈ پر بھی دوڑتا دکھائی دیتا ہے۔