وادی تیراہ کے متاثرین کی ’ادھوری‘ واپسی: صرف ایک فرد کو گھر لوٹنے کی اجازت

8 hours ago 5

Want Your Business Featured Here?

Get instant exposure to our readers

Chat on WhatsApp

خیبرپختونخوا کی وادی تیراہ کے پہاڑوں پر سردیوں کی پہلی برف باری دستک دے رہی ہے اور نو ماہ تک دربدری کاٹنے والے ہزاروں خاندانوں کو بالآخر اپنے آبائی گھروں کو لوٹنے کی اجازت مل گئی ہے، لیکن یہ واپسی خوشی سے زیادہ نئی آزمائشوں اور ادھورے پن کا احساس لیے ہوئے ہے۔

علاقے میں سکیورٹی صورت حال کے باعث جنوری 2026 میں تیراہ کے بعض علاقوں سے آبادی کی منتقلی کا عمل شروع ہوا تھا اور اب نو ماہ بعد انہیں واپسی کی اجازت ملی ہے۔

 انتظامیہ کی جانب سے فی الحال ہر خاندان کے صرف ایک فرد کو ہی علاقے میں جانے کا اجازت نامہ (ٹوکن) دیا جا رہا ہے، جس کے باعث سینکڑوں افراد اپنے بیوی بچوں کو عارضی ٹھکانوں پر چھوڑ کر تنہا اپنے آبائی گھروں کی جانب روانہ ہو رہے ہیں۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

52 سالہ محمد علی جان بھی انہی افراد میں شامل ہیں، جنہوں نے جنوری 2026 میں سکیورٹی خدشات کے باعث ضلع خیبر کے علاقے بوٹان شریف سے ہجرت کی تھی۔

سامان باندھتے ہوئے ان کے چہرے پر گھر لوٹنے کی خوشی اور اپنوں سے بچھڑنے کی فکر بیک وقت عیاں ہے۔

قمبر خیل قبیلے سے تعلق رکھنے والے محمد علی جان کہتے ہیں کہ ’ہمیں دو ماہ میں واپسی کا کہا گیا تھا لیکن نو ماہ گزر گئے۔‘

بقول محمد علی جان: ’اب میں جا تو رہا ہوں مگر بیوی اور چار بچوں کو یہاں پیچھے چھوڑ کر جانا بہت مشکل ہے۔ مجھے یہ بھی معلوم نہیں کہ میں دوبارہ ان کے پاس کب لوٹ سکوں گا۔‘

تیراہ کے بلند و بالا علاقوں میں لکڑی کے بنے مکانات شدید برف باری کی تاب نہیں لا سکتے، اس لیے محمد علی جان کی اولین ترجیح گھر کی چھت سے برف ہٹانا، مرمت کرنا اور وہاں پڑے قیمتی سامان کو محفوظ بنانا ہے۔

واپسی یا مالی بوجھ؟

گھر واپسی کا یہ مرحلہ متاثرین کے لیے مالی اور انتظامی لحاظ سے خاصا کٹھن ثابت ہو رہا ہے۔

متاثرہ رہائشی انواراللہ کے مطابق حکومت نے واپسی کے لیے ٹرانسپورٹ کا کوئی انتظام نہیں کیا اور لوگ اپنی جیب سے بھاری کرائے ادا کر کے سفر کرنے پر مجبور ہیں۔

انواراللہ کا شکوہ ہے کہ ’نقل مکانی کے دوران ہمارے وسائل پہلے ہی ختم ہو چکے ہیں، اب گاڑی کا کرایہ اور گھر کی مرمت کے اخراجات بھی ہمیں خود اٹھانے پڑ رہے ہیں۔

’اس سے بڑھ کر یہ کہ ہمیں راستے یا علاقے میں قیام کے دوران سکیورٹی انتظامات سے متعلق بھی اندھیرے میں رکھا گیا ہے۔‘

ناویہ کیمپ سے گھروں تک: واپسی کا نیا طریقہ کار

نومبر میں شروع ہونے والے اس مرحلے کے تحت باڑہ سے تقریباً 23 کلومیٹر دور ’ناویہ فیسلیٹیشن کیمپ‘ میں متاثرین کی فہرستوں کی جانچ پڑتال کے بعد ٹوکن جاری کیے جا رہے ہیں۔

حکومت کی جانب سے تشکیل دی گئی 24 رکنی قبائلی کمیٹی کے سیکرٹری وکیل اصغر کے مطابق اب تک 600 سے زائد افراد اپنے گھروں کو جا چکے ہیں تاکہ وہ سردیوں سے قبل اپنی املاک کی دیکھ بھال کر سکیں۔

وکیل اصغر بتاتے ہیں کہ نقل مکانی کرنے والے تقریباً 60 ہزار افراد میں سے اب تک 23 ہزار کو مالی امداد فراہم کی جا چکی ہے۔

اس سے قبل جولائی 2026 میں طے پایا تھا کہ 10 اکتوبر سے واپسی شروع ہوگی، تاہم انتظامی وجوہات کی بنا پر اس میں مزید ایک ماہ کی تاخیر ہوئی۔

نقل مکانی سے قبل کیے گئے وعدے

تیراہ کا یہ بحران دسمبر 2025 میں اس وقت شروع ہوا جب سکیورٹی صورت حال کے پیشِ نظر انتظامیہ اور قبائلی عمائدین کے درمیان مذاکرات ہوئے۔

 20 دسمبر 2025 کو طے پانے والے تحریری معاہدے کے تحت جنوری 2026 میں آبادی کی منتقلی عمل میں آئی، جس میں متاثرین سے درج ذیل وعدے کیے گئے تھے:

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس معاہدے میں نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کے لیے مالی امداد، ٹرانسپورٹ، خوراک، طبی سہولتوں اور گھروں کو پہنچنے والے نقصان کے معاوضے سے متعلق وعدے شامل تھے۔

معاہدے کے مطابق ہر خاندان کو اندراج کے بعد ڈھائی لاکھ روپے دینے کی یقین دہانی کروائی گئی تھی۔ اس کے علاوہ ماہانہ 50 ہزار روپے مالی معاونت اور نقل مکانی کے لیے ٹرانسپورٹ کا خرچ فراہم کرنے کا وعدہ بھی کیا گیا تھا۔

گھروں کو نقصان پہنچنے کی صورت میں معاوضے کی رقم بھی طے کی گئی تھی۔

 مکمل طور پر تباہ ہونے والے مکان کے لیے 30 لاکھ روپے جبکہ جزوی نقصان کی صورت میں 10 لاکھ روپے دینے کی شق شامل تھی۔

اس معاہدے کی ایک اہم یقین دہانی یہ بھی تھی کہ متاثرہ خاندانوں کو تقریباً دو ماہ بعد اپنے علاقوں میں واپس جانے کا موقع دیا جائے گا۔

مقامی عمائدین اور کمیٹی کے نمائندوں کے مطابق ان وعدوں کی بنیاد پر لوگوں نے نقل مکانی کے انتظامات قبول کیے تھے۔

تاہم بعد کے مہینوں میں واپسی کی تاریخ تبدیل ہوتی رہی اور متاثرین کو اپنے گھر جانے کے لیے انتظار کرنا پڑا۔

 نمائندہ کمیٹی پر عدم اعتماد

متاثرہ خاندانوں کی نمائندگی کے لیے چھ مقامی اقوام (ملک دین خیل، قمبر خیل، آدم خیل، شلوبر، زخہ خیل اور کمرخیل) پر مشتمل 24 رکنی کمیٹی بنائی گئی تھی۔

 سیکرٹری وکیل اصغر کا دعویٰ ہے کہ کمیٹی نے 37 نکاتی مطالبات حکومت کے سامنے رکھے ہیں اور وہ مسلسل رابطے میں ہے، تاہم محمد علی جان اور انواراللہ جیسے متاثرین اس کمیٹی کی کارکردگی سے مطمئن نہیں اور ان کا کہنا ہے کہ کمیٹی انہیں بنیادی سہولتیں دلوانے میں ناکام رہی ہے۔

فوجی کارروائی کی وجہ کیا تھی؟

تیراہ خیبر ضلع کا پہاڑی علاقہ ہے جہاں شدت پسند تنظیموں کی موجودگی اور سرگرمیاں ایک عرصے سے سکیورٹی اداروں کے لیے چیلنج رہی ہیں۔

حکام کے مطابق علاقے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان سمیت شدت پسند عناصر کی موجودگی اور ان کی سرگرمیوں کے باعث سکیورٹی کارروائیوں کی ضرورت پیش آتی رہی ہے۔

دسمبر 2025 میں مقامی عمائدین اور حکام کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں ممکنہ سکیورٹی کارروائی کے دوران شہری آبادی کے تحفظ اور عارضی نقل مکانی کے انتظامات پر بات ہوئی تھی۔

اسی پس منظر میں جنوری 2026 میں تیراہ کے بعض علاقوں سے آبادی کی منتقلی کا عمل شروع ہوا۔

دوسری جانب اس نقل مکانی کے پسِ منظر میں وفاقی حکومت کا مؤقف رہا تھا کہ تیراہ میں کوئی بڑا فوجی آپریشن نہیں ہوا اور نہ ہی پوری وادی خالی کروانے کا حکم دیا گیا بلکہ شدت پسند تنظیموں کی موجودگی کے باعث صرف انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر محدود کارروائیاں کی گئیں۔

اگلا مرحلہ کیا ہوگا؟

فی الحال وادی تیراہ جانے والے افراد محض ایک نگران کی حیثیت سے جا رہے ہیں جنہیں گھر کی مرمت کے بعد دوبارہ اپنے خاندانوں کے پاس کیمپوں یا کرائے کے مکانات میں لوٹنا ہوگا۔

ان ہزاروں بے گھر خاندانوں کے لیے اصل سوال اب بھی جوں کا توں ہے کہ پورے خاندان کی باعزت واپسی کا دن کب آئے گا اور کاغذوں پر کیے گئے مالی وعدے کب پورے ہوں گے۔

 انتظامیہ کی جانب سے فی الحال ہر خاندان کے صرف ایک فرد کو ہی علاقے میں جانے کا اجازت نامہ (ٹوکن) دیا جا رہا ہے، جس کے باعث سینکڑوں افراد اپنے بیوی بچوں کو عارضی ٹھکانوں پر چھوڑ کر تنہا اپنے آبائی گھروں کی جانب روانہ ہو رہے ہیں۔
بدھ, نومبر 18, 2026 - 10:15
Main image: 

<p class="rteright">باڑہ سے تقریباً 23 کلومیٹر دور ’ناویہ فیسلیٹیشن کیمپ‘ میں متاثرین کی فہرستوں کی جانچ پڑتال کے بعد ٹوکن جاری کیے جا رہے ہیں (لائبہ حُسن/ انڈپینڈنٹ اردو)</p>

jw id: 
0GW1tmB6
type: 
SEO Title: 
وادی تیراہ کے متاثرین کی ’ادھوری‘ واپسی: صرف ایک فرد کو گھر لوٹنے کی اجازت
Read Entire Article
Chatroom