نئے انتظامی یونٹس کے قیام کا فارمولا اب اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، فاروق ستار

1 day ago 1

Want Your Business Featured Here?

Get instant exposure to our readers

Chat on WhatsApp
پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے گلشنِ اقبال بلاک 10 میں گلشن ریزیڈنٹس کمیٹی کے زیرِ اہتمام  ریحان سوسائٹی میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کے حوالے سے منعقدہ ایک اہم نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ویتنام آج دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہو چکا ہے جس کی برآمدات 15 ارب ڈالر سے بڑھ کر 400 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں، جبکہ پاکستان آج بھی محض 30 ارب ڈالر برآمدات اور 30 ارب ڈالر ترسیلاتِ زر کے ساتھ سنگین معاشی مشکلات اور قرضوں کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے۔ نشست میں سابق میئر کراچی وسیم اختر، خالد سلطان اور علاقہ معززین کی بڑی تعداد شریک تھی۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ملک میں اجارہ داری اور موروثی سیاست نے نظام کو مفلوج کر رکھا ہے اور پانی کے منصوبوں سمیت ہر شعبے میں محض تجربات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے گزشتہ 14 سے 18 سالوں میں کراچی کو ایک قطرہ نیا پانی فراہم نہیں کیا اور کے فور منصوبہ آج بھی ادھورا پڑا ہے، جبکہ 1988ء کے بعد کراچی کو ملنے والا 20 کروڑ گیلن اضافی پانی ایم کیو ایم کے دورِ حکومت میں ہی ممکن ہوا تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک و صوبے کی ترقی صرف اور صرف ڈسٹرکٹ اور ڈویژن کو انتظامی بنیادوں پر خود مختار کرنے اور نئے انتظامی یونٹس کے قیام سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد سے آنے والی اس تجویز کی ہمیں عوامی ریفرنڈم کے ذریعے بھرپور حمایت کرنی ہوگی اور شارعِ فیصل پر فیملیز سمیت جمع ہو کر اپنی عوامی طاقت کا مظاہرہ کرنا ہوگا، کیونکہ پاکستان کی ترقی اور بقا اب اسی فارمولے میں مضمر ہے۔ انہوں نے سندھ کے تمام شہریوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس کے قیام سے نہ صرف کراچی بلکہ لاڑکانہ، دادو، ٹنڈو محمد آدم، نوابشاہ، سکھر اور حیدرآباد سمیت سندھ کے ہر ضلع کے باسیوں کو یکساں حقوق اور ترقی کے مواقع میسر آئیں گے۔ ایم کیو ایم کے دور میں ہر منتخب نمائندہ عوام کی براہِ راست پہنچ میں ہوتا تھا، جبکہ آج سندھ کے دور دراز علاقے کا ایک معمولی مسئلہ بھی کراچی میں بیٹھے وزیرِ اعلیٰ کے صوابدیدی فیصلوں کا محتاج ہے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح ایک گھر میں بیٹے خود کفیل ہو جائیں تو ان کے چولہے اور کچن الگ ہو جاتے ہیں مگر ماں کے لیے سب بیٹے اور بیٹیاں برابر ہوتے ہیں اور وہ سب کے پکوان سے مستفید ہوتی ہے، بالکل اسی طرح انتظامی یونٹس بننے سے پورا ملک اور صوبہ مضبوط ہوگا۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس کے قیام کا فارمولا اب اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور آئندہ سال مارچ تک نئے انتظامی یونٹس وجود میں آ سکتے ہیں، جسے عوام کی بھرپور حمایت، بیداری اور ریفرنڈم کے ذریعے ہر صورت نافذ العمل بنایا جائے گا۔
Read Entire Article
Chatroom