عامر خان نے ممبئی میں 38 لاکھ روپے ماہانہ کرائے پر تین لگژری اپارٹمنٹس حاصل کرلیے

6 hours ago 1

Want Your Business Featured Here?

Get instant exposure to our readers

Chat on WhatsApp
بالی ووڈ اداکار عامر خان نے ممبئی کے علاقے سانتا کروز ویسٹ میں تین لگژری اپارٹمنٹس کرائے پر حاصل کیے ہیں، جن کا مجموعی ماہانہ کرایہ 38 لاکھ بھارتی روپے ہے۔ پراپرٹی رجسٹریشن دستاویزات کے مطابق ان تینوں رہائشی یونٹس کا مجموعی رقبہ 12 ہزار 200 مربع فٹ ہے۔ رئیل اسٹیٹ ڈیٹا پلیٹ فارم ’سی آر ای میٹرکس‘ کے مطابق یہ اپارٹمنٹس نارتھ ایونیو میں واقع رہائشی منصوبے ’سیزنز تریمورتی‘ کا حصہ ہیں۔ ان تینوں اپارٹمنٹس کے لیز اور لائسنس معاہدے ’سیزنز ایونیو پراپرٹیز‘ اور عامر حسین خان کے درمیان طے پائے ہیں۔ دستاویزات کے مطابق تینوں اپارٹمنٹس عمارت کی 14ویں، 12ویں اور 11ویں منزل پر واقع ہیں۔ ان میں سب سے بڑے اپارٹمنٹ کا اندرونی قابلِ استعمال رقبہ 6 ہزار 200 مربع فٹ ہے، جبکہ باقی دونوں یونٹس میں سے ہر ایک کا رقبہ 3 ہزار مربع فٹ ہے۔ اس طرح تینوں کا مجموعی رقبہ 12 ہزار 200 مربع فٹ بنتا ہے۔ کرائے کی تفصیلات کے مطابق سب سے بڑے اپارٹمنٹ کا ماہانہ کرایہ 20 لاکھ روپے مقرر کیا گیا ہے، جبکہ باقی دونوں اپارٹمنٹس کے لیے فی کس 9 لاکھ روپے ادا کیے جائیں گے۔ تینوں یونٹس کے ساتھ مجموعی طور پر نو گاڑیوں کی پارکنگ کی سہولت بھی شامل ہے، یعنی ہر اپارٹمنٹ کے حصے میں تین پارکنگ جگہیں آئیں گی۔ چار سالہ معاہدہ اور سالانہ کرائے میں اضافہ تینوں اپارٹمنٹس کے لیز معاہدوں کی مدت 48 ماہ رکھی گئی ہے، جس کا آغاز یکم جنوری 2027 سے ہوگا اور یہ 31 دسمبر 2030 کو مکمل ہوگا۔ مجموعی ماہانہ کرایہ 38 لاکھ روپے کے حساب سے سالانہ کرایے کی مالیت 4 کروڑ 56 لاکھ روپے بنتی ہے۔ معاہدے کے تحت کرائے میں ہر سال پانچ فیصد اضافہ کیا جائے گا، جبکہ تینوں اپارٹمنٹس کے لیے مجموعی سکیورٹی ڈپازٹ بھی 38 لاکھ روپے مقرر کیا گیا ہے، جو ایک ماہ کے مجموعی کرائے کے برابر ہے۔ دستاویزات کے مطابق سوسائٹی کی دیکھ بھال کے اخراجات، پانی کے بل اور موجودہ یا مستقبل کے پراپرٹی و میونسپل ٹیکس ماہانہ کرائے میں شامل ہوں گے اور ان کی ادائیگی جائیداد کا مالک کرے گا۔ معاہدے میں یہ پابندی بھی شامل ہے کہ اجازت کے بغیر اپارٹمنٹس میں کسی قسم کی ساختی تبدیلی یا مستقل تعمیر نہیں کی جاسکے گی۔ عامر خان اور متعلقہ ڈیولپر سے اس معاملے پر تبصرے کے لیے رابطہ نہیں ہوسکا۔ ممبئی میں عامر خان کے سابقہ جائیداد معاہدے یہ پہلا موقع نہیں کہ عامر خان نے ممبئی میں مہنگی رہائشی جائیداد کرائے پر حاصل کی ہو۔ مئی 2025 میں انہوں نے شہر کے علاقے پالی ہل میں واقع ’ولنومونا اپارٹمنٹس‘ کے چار یونٹس بھی کرائے پر لیے تھے۔ ان کا مجموعی ماہانہ کرایہ 24 لاکھ 50 ہزار روپے تھا۔ پانچ سالہ معاہدہ مئی 2030 تک جاری رہے گا اور اس میں 45 ماہ کی لازمی مدت بھی شامل ہے، جس کے دوران معاہدہ ختم نہیں کیا جاسکتا۔ اس معاہدے کے تحت سیکیورٹی ڈپازٹ کی رقم ایک کروڑ 46 لاکھ روپے سے زیادہ بتائی گئی تھی، جبکہ سالانہ کرائے میں پانچ فیصد اضافے کی شرط بھی رکھی گئی تھی۔ عامر خان کی کرائے کی رہائش اختیار کرنے کی وجہ باندرہ میں واقع ’ورگو کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی‘ کی ازسرِنو تعمیر بتائی جاتی ہے، جہاں مبینہ طور پر ان کی ملکیت میں تقریباً 12 اپارٹمنٹس ہیں۔ اس رہائشی منصوبے کی تعمیرِ نو کا کام ’ایٹموسفیئر ریئلٹی‘ کے تحت کیا جا رہا ہے، جو وادھوا گروپ، مین انفراکنسٹرکشن اور چندک گروپ کا مشترکہ منصوبہ ہے۔ عامر خان نے ممبئی کی رہائشی جائیدادوں میں سرمایہ کاری بھی کر رکھی ہے۔ جون 2024 میں انہوں نے پالی ہل کے علاقے میں واقع ’بیلا وسٹا اپارٹمنٹس‘ میں ایک ہزار 27 مربع فٹ کا اپارٹمنٹ 9 کروڑ 75 لاکھ روپے میں خریدا تھا۔ یہ تفصیلات پراپرٹی رجسٹریشن دستاویزات کے تجزیے کے بعد ’اسکوائر یارڈز‘ نے جاری کی تھیں۔ اس خریداری پر 58 لاکھ 50 ہزار روپے اسٹامپ ڈیوٹی اور 30 ہزار روپے رجسٹریشن فیس ادا کی گئی تھی۔
Read Entire Article
Chatroom