بلاول بھٹو کے حالیہ بیانات نئے اپوزیشن اتحاد کی طرف اشارہ: تجزیہ کار

1 hour ago 4

Want Your Business Featured Here?

Get instant exposure to our readers

Chat on WhatsApp

سابق وزیراعظم عمران خان کو سیاسی قیدی قرار دینے، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے حقِ تنقید کا دفاع اور سندھ کی تقسیم کی مخالفت؛ تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی حالیہ گفتگو ان کی پارٹی کی آئندہ سیاسی حکمت عملی اور کسی نئے اپوزیشن اتحاد سے متعلق اہم اشارے دے رہی ہے۔

رواں ہفتے کراچی پریس کلب میں بلاول بھٹو زرداری کی صحافیوں سے ملاقات اور ’میٹ دی پریس‘ میں گفتگو کو ملکی سیاست میں اہمیت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے عمران خان سمیت سیاسی قیدیوں کی رہائی، مولانا فضل الرحمٰن کے حقِ تنقید، سیاسی نظام کو جمہوری انداز میں ری سیٹ کرنے اور سندھ کی تقسیم کے خلاف اپنے مؤقف کا کھل کر اظہار کیا۔

ان کے بعض بیانات کو سیاسی حلقوں میں پذیرائی مل رہی ہے جبکہ بعض پر تنقید بھی کی جا رہی ہے۔ خصوصاً یہ سوال زیرِ بحث ہے کہ وفاقی حکومت کی اتحادی جماعت کے چیئرمین کی حیثیت سے بلاول بھٹو کی اس گفتگو کے سیاسی مقاصد کیا ہیں؟

سینیئر صحافی و تجزیہ نگار مظہر عباس نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں کہا کہ بلاول بھٹو کی گفتگو سے بظاہر یہ تاثر ملتا ہے کہ وہ موجودہ سیاسی نظام سے مطمئن نہیں، حالانکہ پاکستان پیپلز پارٹی خود اس نظام کا حصہ رہی ہے اور اب بھی ہے۔

انہوں نے کہا: ’بلاول بھٹو یا پاکستان پیپلز پارٹی اس سسٹم کا حصہ رہی ہے اور ابھی بھی ہے، لیکن انہوں نے کل جو باتیں کیں، اس سے نظر آیا کہ وہ سسٹم سے خوش نہیں ہیں۔‘

مظہر عباس کے مطابق بلاول بھٹو نے عمران خان سمیت دیگر سیاسی قیدیوں کے معاملے پر نسبتاً مختلف مؤقف اختیار کیا ہے جبکہ مولانا فضل الرحمٰن کے بارے میں بھی واضح کیا کہ ان کی حکومت پر تنقید سے اختلاف کیا جا سکتا ہے، لیکن انہیں تنقید کا حق حاصل ہے۔

کیا نیا اپوزیشن اتحاد بن سکتا ہے؟

مظہر عباس کے خیال میں عمران خان اور مولانا فضل الرحمٰن کے حوالے سے بلاول بھٹو کی گفتگو مستقبل میں اپوزیشن جماعتوں کے درمیان کسی نئے سیاسی اتحاد کی طرف اشارہ ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا: ’اگر وہ عمران خان کو سیاسی قیدی سمجھ رہے ہیں، سیاسی قیدیوں کی رہائی کی بات کر رہے ہیں اور مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کی بات کر رہے ہیں تو وہ دراصل ایک نئے اپوزیشن اتحاد کا اشارہ دے رہے ہیں۔‘

تاہم ان کے مطابق ابھی یہ دیکھنا باقی ہے کہ ایسا اتحاد کس حد تک مؤثر ثابت ہوتا ہے اور مسلم لیگ ن اس صورت حال میں کیا سیاسی حکمت عملی اختیار کرتی ہے۔

کیا ون پیج فارمولا ختم ہو گیا؟

مظہر عباس نے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے ماضی کے تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دونوں جماعتیں کبھی ایک دوسرے کے قریب رہی ہیں تو کبھی ان کے درمیان سخت سیاسی اختلافات بھی دیکھنے میں آئے ہیں۔

ان کے بقول: ’دونوں جماعتوں کو یہ ضرور سوچنا چاہیے کہ جب اختلاف کریں تو اس حد تک نہ جائیں کہ دشمنی نظر آنے لگے، کیونکہ آپ نے کل پھر دوست بننا ہوتا ہے۔ اگر دوست بنیں تو اس حد تک قریب بھی نہ ہوں، ایک بیلنس رکھیں۔‘

مظہر عباس کے مطابق مسلم لیگ ن اور مسلم لیگ ق کے ساتھ قربت نے پنجاب میں پیپلز پارٹی کی سیاسی پوزیشن کو بھی متاثر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے دوسری جماعتوں کے ساتھ تعلقات بڑھانے کے دوران اپنی تنظیم اور کارکنوں پر مطلوبہ توجہ نہیں دی، جس سے پنجاب میں اس کی سیاسی بنیاد کمزور ہوئی۔

سندھ کی تقسیم اور پیپلز پارٹی کی سیاسی بقا

بلاول بھٹو کی گفتگو میں سندھ کی تقسیم کے خلاف سخت مؤقف بھی نمایاں رہا۔ مظہر عباس نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبوں کے حوالے سے بلاول بھٹو کے واضح مؤقف کو پذیرائی ملی، تاہم ان کے خیال میں الفاظ کے انتخاب میں احتیاط کی ضرورت تھی۔

انہوں نے کہا: ’اگر صوبے زور زبردستی سے آپ بنائیں گے تو معاشرہ تقسیم ہو جائے گا، تقسیم سے دشمنی تک بات چلی جائے گی اور پھر خون خرابہ ہو سکتا ہے۔ میرے خیال میں انہیں لفظ خون خرابہ استعمال کرنے سے گریز کرنا چاہیے تھا، کیونکہ سندھ پہلے ہی بہت کچھ دیکھ چکا ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

دوسری جانب شہید ذوالفقار علی بھٹو انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ’زیبسٹ‘ کراچی کی فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے ڈین ڈاکٹر ریاض شیخ نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی وحدت کا تحفظ پیپلز پارٹی کی سیاسی بقا سے جڑا ہوا ہے۔

ان کے مطابق: ’پیپلز پارٹی کا المیہ یہ ہے کہ 2008 کے انتخابات کے بعد ایک قومی سطح کی جماعت محدود ہو کر سندھ اور جنوبی پنجاب تک رہ گئی۔ اگر پیپلز پارٹی اپنی موجودہ سیاسی بنیاد کو بھی نہیں بچاتی تو مستقبل میں اس کے لیے سیاسی گنجائش مزید کم ہو سکتی ہے۔‘

ڈاکٹر ریاض شیخ نے کہا کہ کوئی بھی سیاسی جماعت پہلے اپنے سیاسی حلقے اور بنیاد کو محفوظ بنانے کی کوشش کرتی ہے۔ انہوں نے عوامی نیشنل پارٹی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں اس جماعت کی سیاسی گنجائش کم ہونے کے بعد اس کے لیے اپنی قیادت کو انتخابات میں کامیاب کروانا بھی مشکل ہو گیا ہے۔

ان کے بقول: ’پیپلز پارٹی کے لیے اس وقت بہت بڑا مسئلہ سندھ کی وحدت اور یکجہتی کو بچانا ہے، کیونکہ یہ اس کی سیاسی بقا کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔‘

ڈاکٹر ریاض شیخ کے مطابق بلاول بھٹو کا اس معاملے پر سخت مؤقف اختیار کرنا سیاسی بارگیننگ کا حصہ بھی ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا: ’سیاست دان ہمیشہ بارگیننگ کرتا ہے۔ آپ ایک سخت مؤقف اختیار کرتے ہیں تو دوسری جانب سے بھی ردعمل آتا ہے، تاکہ مذاکرات میں جا کر کوئی درمیانی راستہ نکل سکے۔‘

سیاسی نظام کی اصلاح اور پیپلز پارٹی کا امتحان

بلاول بھٹو نے سیاسی نظام کو ری سیٹ کرنے کے لیے سیاسی اور جمہوری طریقہ اختیار کرنے پر زور دیا تھا۔

مظہر عباس کے مطابق سیاسی نظام کو ری سیٹ کرنے کی بات وزیر داخلہ بھی کر رہے ہیں، تاہم بلاول بھٹو نے اس عمل کو سیاسی اور جمہوری انداز میں آگے بڑھانے کی بات کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے لیے اب اصل امتحان یہ ہوگا کہ وہ اپنے بیان کردہ مؤقف پر کس حد تک قائم رہتی ہے یا سیاسی حالات کے دباؤ میں اس سے پیچھے ہٹ جاتی ہے۔

دوسری جانب ڈاکٹر ریاض شیخ کے مطابق وفاق اور صوبوں کے درمیان مالی وسائل کی تقسیم، قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ اور بلدیاتی اختیارات جیسے معاملات پر مذاکرات کی گنجائش موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کے درمیان خصوصاً کراچی اور حیدرآباد میں مؤثر بلدیاتی نظام کے قیام پر بات ہو سکتی ہے۔

مجموعی طور پر بلاول بھٹو کی گفتگو نے پیپلز پارٹی کی آئندہ سیاسی حکمت عملی سے متعلق کئی سوالات اٹھائے ہیں۔ ایک طرف جماعت وفاقی حکومت کی اتحادی ہے تو دوسری جانب اس کے چیئرمین سیاسی قیدیوں کی رہائی، اپوزیشن کے حقِ تنقید اور نظام کی جمہوری اصلاحات کی بات کر رہے ہیں۔

مظہر عباس اسے ممکنہ نئے اپوزیشن اتحاد کا اشارہ قرار دیتے ہیں، جبکہ ڈاکٹر ریاض شیخ کے نزدیک سندھ کی وحدت اور پیپلز پارٹی کی سیاسی بنیاد کا تحفظ جماعت کی بقا کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ بلاول بھٹو کی یہ گفتگو محض سیاسی مؤقف تک محدود رہتی ہے یا آنے والے دنوں میں پاکستان کی سیاست میں کسی نئی صف بندی اور سیاسی مفاہمت کی بنیاد بنتی ہے۔

 تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی حالیہ گفتگو ان کی پارٹی کی آئندہ سیاسی حکمت عملی اور کسی نئے اپوزیشن اتحاد سے متعلق اہم اشارے دے رہی ہے۔
جمعرات, نومبر 19, 2026 - 10:00
Main image: 

<p class="rteright">کراچی پریس کلب میں 17 نومبر 2026 کو پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری صحافیوں سے گفتگو کر رہے ہیں (پی پی پی میڈیا سیل/ایکس)</p>

jw id: 
1JVKr8pY
type: 
SEO Title: 
بلاول بھٹو کے حالیہ بیانات نئے اپوزیشن اتحاد کی طرف اشارہ: تجزیہ کار
Read Entire Article
Chatroom