Want Your Business Featured Here?
Get instant exposure to our readers
Chat on WhatsApp
2000ء کی دہائی کے بعد جیسے جیسے ہم نے اپنی عمارتوں کو توانائی کا زیادہ موثر استعمال کرنے کے قابل بنایا ، روشنی کے سامنے رہنے بسنے کے ہمارے طریقے میں بھی بڑی تبدیلی آئی ہے۔ اب ہم یہ دریافت کر رہے ہیں کہ کس طرح یہ طریقہ ہمارے خلیوں کے اہم حصّے ، مائٹوکونڈریا (mitochondria) کو نقصان پہنچا سکتا ہے اور جو ذیابیطس، ڈیمینشیا (بھولنے کی بیماری) اور دیگر بیماریاں پھیلنے کا سبب بھی بن رہا ہے۔
ایک فلیش لائٹ لیجیے ، آپ کے فون کی فلیش لائٹ بھی چلے گی۔ اُسے جلائیے اور اپنی شہادت کی انگلی کے نچلے حصے (پور) کو بلب پر رکھیں۔ کیا آپ کو سرخ چمک نظر آرہی ہے؟ آپ کہیں گے کہ یہ انگلی میں دوڑتا خون ہے مگر یہ خیال غلط ہے۔ یہ دراصل سرخ روشنی کے ایٹم، فوٹان ہیں جو آپ کی انگلی کے اندر اِدھر اْدھر ٹکراتے اْترنے کی جگہ تلاش کر رَہے ہیں۔یہ سادہ سا تجربہ حالیہ برسوں کی سب سے گہری اور حیران کن حیاتیاتی دریافتوں میں سے ایک کا دروازہ ہے۔
باب فوسبری جو روشنی کی حیاتیات پر توجہ مرکوز کرنے سے پہلے یورپی سدرن آبزرویٹری میں ماہر طبعیاتی فلکیات (ا ٓسٹروفزکسٹ) تھے، کہتے ہیں: ’’روشنی ایک غذائیت (نیوٹرنٹ) ہے۔‘‘ پودوں کے لیے تو یہ بات بالکل واضح ہے جو نشاستہ (کاربوہائیڈریٹ) بنانے کے لیے روشنی استعمال کرتے ہیں ۔لیکن یہ بات ثابت ہوچکی کہ روشنی جانوروں اور پھپھوندی (فنگس) کی بقا کے لیے بھی اتنی ہی ہے جو اَب تک نظر انداز کیے گئے طریقے کے ذریعے روشنی سے فائدہ اْٹھاتے ہیں۔ سچ یہ ہے کہ تمام زندہ نامیات … بشمول انسان سورج کی توانائی سے زندہ رہتے اور اپنے کام کاج کرتے ہیں۔
سورج کی روشنی کو طویل عرصے سے زمین پر زندگی کی بقا کے لیے انتہائی اہم سمجھا جاتا رہا ہے لیکن یہ حقیقت کہ روشنی کی مدد سے زندہ اجسام میں میٹابولزم کا نظام ہموار اَور متحرک رہتا ہے، اَب جا کر ظاہر ہو رَہی ہے۔ طویل موج والی لہریں (لانگ ویولینتھ) جو سرخ اور انفرا ریڈ روشنی سے نکلتی ہیں، انسانوں سمیت سبھی جانداروں میں مثبت توانائی پیدا کرنے کے لیے خاص طور پر فائدے مند ہیں اور یہ سورج کی روشنی اور روایتی (فلامنٹ والے) بلبوں سمیت دیگر ذرائع سے با آسانی دستیاب ہوتی ہیں۔لیکن توانائی بچانے کی غرض سے روشنی کے نظام میں ہوئی تبدیلیوں نے نادانستہ طور پر انسانوں کو اِس اہم سپلائی سے محروم کر دیا ہے۔ ستم ظریفی یہ کہ جیسے ہی ہمیں سرخ روشنی کے فوائد کا علم ہوا ہے، ہم غیر ارادی طور پر خود کو اْس سے محروم کر رَہے ہیں۔
جدید بلبوں نے ہمیں سرخ روشنی سے کیسے محروم کیا؟
یہ کہانی 2000ء کی دہائی کے اوائل میں توانائی بچانے کی ان دو ٹیکنالوجیوں کے وسیع پیمانے پر اپنائے جانے سے شروع ہوتی ہے جو اَب ہر جگہ موجود ہیں۔ پہلی ٹیکنالوجی ’’لائٹ ایمیٹنگ ڈائیوڈ ‘‘(LED) ہے جس نے توانائی کا زیادہ استعمال کرتے روایتی فلامنٹ والے بلبوں کی جگہ لے لی۔ اگرچہ اِس تبدیلی سے توانائی بچانے میں مدد ملی لیکن اْس کے دیگر غیر متوقع نتائج بھی برآمد ہوئے۔ دوسری ٹیکنالوجی کھڑکیوں کا ایسا شیشہ ایجاد کرنے سے رْونما ہوئی جو انفرا ریڈ شعاعیں فلٹر کرتا ہے تاکہ عمارتوں کے اَندر یا باہر حرارت کا اخراج روکا جا سکے۔
دونوں نے مل کر روشنی کے اْس طیف (spectrum) کو شدید طور پر محدود کر دیا جس کا ہم گھروں یا عمارتوں کے اَندر سامنا کرتے ہیں … ایک ایسا ماحول جہاں دور حاضر کے بیشتر انسان اپنا نوے فیصد تک وقت گزارتے ہیں۔ یونیورسٹی کالج، لندن کے نیورو سائنسدان، گلین جیفری کہتے ہیں: ’’ہم انسان طیف کا تقریباً پچانوے فیصد حصہ کھو چکے۔ اچانک، بغیر کسی کے خبردارکیے بغیر، لمحوں میں طویل موج والی لہریں ہماری زندگیوں سے غائب ہو گئیں اور یہی اصل مسئلہ ہے۔‘‘
قدیم زمانے سے انسان روشنی کی طویل موج والی لہروں کے زیرسایہ زندگی بسر کر رَہا ہے۔ دن کی روشنی مرئی (نظر آنے والی) سرخ روشنی سے مالا مال ہوتی ہے، جس کی طولِ موج (ویولینتھ) تقریباً 650 سے 750نینو میٹر تک ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ یہ غیر مرئی (کم از کم ہمارے لیے) انفراریڈ شعاعوں کی ایک بہت بڑی مقدار بھی خارج کرتی ہے، جو تقریباً 2500نینو میٹر تک پھیلتی ہے۔
جو لوگ دن کا زیادہ تر حصّہ باہر گزارتے ہیں، وہ قدرتی طور پر اِن طویل لہروں کے اثر میں رہتے ہیں، چاہے وہ مکمل لباس میں ہی ہوں۔ جب یہ طویل لہروں والی روشنی انسانی جسم سے ٹکراتی ہے، تو یہ کپڑوں سے گزر کر بافتوں (ٹشوز) میں گہرائی تک سرایت کر جاتی ہے۔ (اس کے برعکس مختصر لہروں والی روشنی جیسے بالائے بنفشی کپڑوں میں جذب ہو جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے جسم ڈھانپنے سے دھوپ سے جلنے (سن برن) سے بچاؤ میں مدد ملتی ہے)۔
سرخ اور انفراریڈ روشنی چاند اَور آگ کے الئاوکی چمک میں بھی وافر مقدار میں موجود ہوتی ہے۔ گھر کے اَندر کی روشنی بھی اِن لہروں سے بھرپور ہوا کرتی تھی، چاہے وہ کھڑکیوں سے آنے والی سورج کی دھوپ ہو یا روشنی کے دیگر ذرائع جیسے کھلی آگ، موم بتیاں اور تیل و گیس کے چراغ۔ برقی بلب کی ایجاد بھی یہ روش نہ بدل سکی کیونکہ روایتی فلامنٹ والے بلب کا طیف سورج کے طیف سے کافی حد تک ملتا جلتا تھا، دونوں ایک جیسی روشنی خارج کرتے ہیں۔
لیکن توانائی بچانے والی لائٹنگ اور کھڑکیوں کے استعمال نے ہمیں طیف کے طویل حصّوں والی لہروں سے محروم کر دیا۔ انفراریڈ شعاعوں کو فلٹر کرنے والا شیشہ ظاہر ہے کہ سورج کی روشنی کے اْس حصے کو روک دیتا ہے اَور اگرچہ ایل ای ڈی بلب بہت سی مرئی روشنی خارج کرتے ہیں لیکن وہ 750 نینو میٹر سے آگے کچھ بھی پیدا نہیں کرتے۔ فوسبری کہتے ہیں: ’’ایل ای ڈی انفراریڈ کے معاملے میں بالکل فضول ہیں۔‘‘ وجہ یہ ہے، یہ بلب بنیادی طور پر نیلی روشنی خارج کرتے ہیں جسے فاسفورسی مادّے کی مدد سے سفید بنایا جاتا ہے۔
امریکی ریاست، نیو جرسی میں لائٹنگ کمپنی، سائلنس انک کے بانی اسکاٹ زیمرمین، جو فوسبری اور جیفری کے ساتھ مل کر کام کرتے ہیں، ایل ای ڈی روشنی کو ’’الٹرا پروسیسڈ‘ کا نام دیتے ہیں۔ یہ اصطلاح انھوں نے الٹرا پروسیسڈ غذا سے لی ہے۔ الٹرا پروسیسڈ روشنی اور جدید شیشوں کے مشترکہ اثر کا مطلب یہ ہے کہ آج کا اوسط انسان اپنے آباؤ اجداد کے مقابلے میں بہت کم طویل لہروں والی روشنی حاصل کر رَہا ہے۔
ریڈ لائٹ تھراپی
اس کے ساتھ ہی جدید انسانوں میں موٹاپا، ٹائپ2ذیابیطس، ڈیمینشیا (بھولنے کی بیماری) اور کم عمری میں کینسر کی بیماریاں تیزی سے پھیل رہی ہیں۔ یہ طبّی مسائل جنم دینے کے سلسلے میں معمول کے ملزم ناقص غذا اور ورزش کی کمی ٹھہرتے ہیں لیکن فوسبری، جیفری اور دیگر ماہرین کے مطابق یہ پہیلی کا صرف ایک حصّہ ہیں… ایک اَور وجہ، شاید سب سے بنیادی وجہ سرخ روشنی سے محروم ہو جانا ہے۔ فوسبری کہتے ہیں: ’’دورِ جدید میں نئے امراض کے پھیلاؤ کی کوئی ایک وجہ نہیں لیکن مجھے مسلسل یہ لگتا ہے ، قدرتی روشنی سے محرومی بنیادی اور غالب وجہ ہے اور شاید اِس کا حل تلاش کرنا آسان ہے۔‘‘
یہ سمجھنے کے لیے کہ سرخ روشنی اتنی اہم کیوں ہے، ہمیں ماضی میں 1980ء کی دہائی کے اواخر میں سوویت یونین کی طرف جانا ہو گا جہاں ماسکو میں سرکاری سائنسی ادارے، ’’یو ایس ایس آر اکیڈمی آف سائنسز‘‘ میں تینا کارو نامی ایک بائیو فزیکسٹ علاج کے طور پر سرخ اور قریبی انفراریڈ (infrared near) روشنی کے تجربات کر رہی تھیں۔ انہوں نے دریافت کیا کہ یہ روشنیاں زخم بھرنے اور دَرد کم کرنے میں مفید ہیں اور وہ اِس عمل کا طریقہ کار جاننا چاہتی تھیں۔ بالاآخر وہ انسانی جسم میں توانائی کے میٹابولزم نظام تک پہنچ گئیں۔ خاص طور پر انھوں نے پایا کہ ہمارے جسم کے خلیوں میں واقع مائٹوکونڈریا جس طرح ’’اے ٹی پی‘‘ (ATP) نامی مالیکیول پیدا کرتے ہیں، سرخ روشنی نے اس عمل کو تیز کر دیا۔
جیفری کے مطابق تینا کارو کے کام کو کبھی زیادہ پذیرائی نہیں مل سکی، خاص طور پر اِس لیے کہ وہ آئرن کرٹن ( سرد جنگ دور) کے غلط رْخ سے تعلق رکھتی تھیں لیکن وہ درست تھیں اور آج ’’ریڈ لائٹ تھراپی‘‘ ہر جگہ موجود ہے جو زخموں کے بھرنے، جلد کے مسائل، بال جھڑنے، ذہنی صلاحیت میں کمی، دائمی درد، جوڑوں کے درد اور دیگر بیماریوں کے علاج میں استعمال ہوتی ہے۔ فرانس کی یونیورسٹی آف گرینوبل الپس کے نیورولوجسٹ ،جان میٹروفینس کے مطابق اِس علاج کی افادیت کے شواہد اگرچہ نامکمل لیکن مسلسل بڑھ رہے ہیں۔ صحیح مقدار (doses) اور طولِ موج پر بحث جاری ہے لیکن محققین متفق ہیں، روشنی کے اِس علاج کے اثرات مائٹوکونڈریا کے ذریعے ہی مرتب ہوتے ہیں۔
اِس شفایابی کی بنیادی وجہ’’ الیکٹران ٹرانسپورٹ چین‘‘ہے، ایک پیچیدہ اور نہایت منظم میٹابولک عمل۔ ہمارے بدن میں انجام پاتا یہ عمل توانائی سے بھرپور الیکٹران حاصل کر کے انہیں پروٹین کی ایک زنجیر کے ذریعے آگے منتقل کرتا ہے، جس سے اِس عمل کے دوران اے ٹی پی سالمہ پیدا ہوتا ہے۔ اے ٹی پی انسانوں سمیت تمام جانداروں میں توانائی کا بنیادی ذریعہ (کرنسی ) ہے، بالکل ویسے ہی جیسے کسی معیشت میں نقد رقم کا کردار ہوتا ہے۔ جب کسی خلیے کو کوئی کام انجام دینے کے لیے توانائی کی ضرورت ہو،جیسے کہ نئے پروٹین بنانا تو وہ اے ٹی پی کا استعمال کرتا ہے۔
جب مائٹوکونڈریا کو سرخ یا انفراریڈ روشنی میں رکھا جائے ، تو الیکٹران ٹرانسپورٹ چین زیادہ تیز رفتاری سے کام کرتی ہے اور نتیجتاً زیادہ اے ٹی پی پیدا ہوتا ہے۔ اس عمل کو فوسبری’’فوٹومیٹابولزم‘‘(photometabolism) کہتے ہیں۔ اے ٹی پی کی پیداوار میں اِس تیزی کا دقیق اور حتمی طریقہ کار اگرچہ اب بھی بحث کا موضوع ہے، لیکن یہ بات بالکل طے شدہ ہے کہ بیمار خلیوں میں اکثر اے ٹی پی کی کمی ہوتی ہے۔ اسی لیے روشنی سے ملنے والی یہ تقویت اِس کمی کو پورا کر خلیوں کو دوبارہ صحت یاب کر سکتی ہے۔ جیفری کے مطابق، یہی وجہ ہے کہ بیمار انسانوں میں ریڈ لائٹ تھراپی فائدے مند ثابت ہوتی ہے۔
سرخ روشنی
درج بالا میکنیزم یا قدرتی جسمانی عمل اس بات کی بھی وضاحت کرتا ہے کہ سرخ روشنی کو دْور کرنا انسان کے لیے طبی طور پر کس طرح نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ جیفری نشاندہی کرتے ہیں کہ زمین پر تمام جانداروں کا ارتقا ایسے ماحول میں ہوا جو سرخ روشنی اَور انفراریڈ سے بھرپور تھا لیکن انسان اَب زیادہ تر ایسے ماحول میں رہتے ہیں جو اِن طولِ موج روشنیوں سے محروم ہو چکا۔ اِس کمی کا نتیجہ اے ٹی پی کی سست پیداوار کی صورت نکلا ہے۔ مزید بدقسمتی یہ کہ ہم نے اپنے گھروں اور دفاتر کو اسکرینوں اور ایل ای ڈی سے نکلنے والی نیلے رنگ کی مختصر لہروں سے بھر دیا۔ نیلی روشنی کا اثر اْلٹا ہے …وہ جان داروں میں الیکٹران ٹرانسپورٹ چین کی رفتار سست کر کے اے ٹی پی کی پیداوار کم کر دیتی ہے۔ گویا انسان روشنیوں کے قدرتی نظام کو تج کر دْگنے نقصان کی زد میں آ گیا۔
سرخ روشنیوں سے محرومی کے اثرات نہایت خاموش، اَندر ہی اَندر جسمانی نقصان پہنچانے والے ہیں۔ فوسبری طویل لہروں والی روشنی کو ایک وٹامن سے تشبیہ دیتے ہیں اور اس وٹامن سے محرومی کے اثرات کو ا نھوں نے ’’اکیسویں صدی کی اسکروی‘‘ کا نام دیا۔ یہ وٹامن سی کی کمی سے ہوتی اٹھارہویں صدی کی اْس بیماری کی طرف اشارہ ہے جس نے ہزارہا ملاحوں کو بیمار اور ہلاک کر دیا تھا۔ اسکروی کی طرح یہ بھی آپ پر آہستہ آہستہ اور خاموشی سے حاوی ہوتی ہے۔ جیفری کہتے ہیں: ’’یہ ایسا طبی خلل ہے جو وقت کے ساتھ ساتھ بڑھتا چلا جاتا ہے۔‘‘
انسان جب باہر ، کھلی فضا میں نکلتا ہے تو اسے کئی فوائد ملتے ہیں۔اُن میں سرخ روشنی ملنے کا فائدہ خصوصی طور پر ثابت شدہ ہے۔ ’’اکیسویں صدی کی اسکروی‘‘ بیماری کی علامات میں سے ایک خون میں بلڈ شوگر کی سطح کا بلند ہونا ہے جو اگر قابو میں نہ رکھی جائے تو آگے چل کر ٹائپ 2 ذیابیطس کی شکل اختیار کر لیتی ہے۔ یہ مرض جنم لینے کی اہم وجہ الیکٹران ٹرانسپورٹ چین عمل کا سست پڑنا ہے، جو گلوکوز کو اپنے بنیادی ایندھن کے طور پر جلاتا ہے۔ چند سال پہلے جیفری نے ایک تجربہ کر کے دکھایا تھا کہ سرخ روشنی میں محض پندرہ منٹ رہنے سے انسان میںگلوکوز کی بڑی مقدار لینے کے بعد بلڈ شوگر میں ہونے والا اچانک اضافہ رک جاتا ہے۔
انہوں نے یونیورسٹی کالج، لندن میں بغیر کھڑکیوں والے اور ایل ای ڈی سے روشن دفاتر میں بھی عملی تجربات کیے۔ جب انہوں نے کمرے میں مدھم، روایتی فلامنٹ والے بلب سے طویل لہروں والی روشنی بکھیر دی، تو انہوں نے پایا کہ ایل ای ڈی روشنی میں کام کرنے والے ساتھیوں کے مقابلے میں اس کمرے میں موجود ملازمین کی اوسط بلڈ شوگر کم تھی۔ جیفری کہتے ہیں: ’’ان کے مائٹوکونڈریا کو سرخ روشنی کے ذریعے نئی شروعات (سٹارٹ کک) مل گئی۔‘‘
رواں برس ماہ جنوری میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں بھی کچھ ایسا ہی سامنے آیا۔ نیدرلینڈز کی ماسٹرچٹ یونیورسٹی کے محققین نے ٹائپ2ذیابیطس میں مبتلا تیرہ افراد کو دفتر کے ماحول میں مسلسل ساڑھے چار دن ایل ای ڈی روشنی کے سامنے رکھا۔ اَور پھر انھیں اسی جگہ ساڑھے چار دن قدرتی روشنی کے سامنے رکھا۔ قدرتی روشنی کے دنوں کے دوران ان کے بلڈ شوگر کا کنٹرول کہیں زیادہ بہتر تھا۔
جیفری اْن بیماریوں اور صحت کے مسائل کے بارے میں بھی خدشات رکھتے ہیں جوعموماً بڑھتی عمر سے جڑے ہیں، خاص طور پر اعصابی نظام کی تنزلی (neurodegenerative) کی بیماریاں۔ وہ کہتے ہیں، ان بیماریوں کے جنم لینے کی ایک وجہ مائٹوکونڈریا کا صحیح کام نہ کرنا ہے اور جو سرخ روشنی کی کمی کے باعث خراب ہو جاتا ہے۔ طبی تجربات سے معلوم ہوا ہے کہ قریبی انفراریڈ روشنی عمر کے ساتھ بڑھتی ذہنی و معاشی صلاحیت کی کمی کم کر سکتی ہے۔
ساٹھ برس کی عمر والے تقریباً نوّے ہزار اَفراد پر کی گئی ایک حالیہ تحقیق سے معلوم ہوا کہ آٹھ سال کے عرصے میں جو لوگ دِن کی روشنی میں زیادہ وقت گزارتے تھے، ان میں ڈیمینشیا (بھولنے کی بیماری) ہونے کا امکان نمایاں طور پر کم تھا۔ اگرچہ اس تعلق کی بنیادی وجوہ کو ابھی مکمل طور پر نہیں سمجھا جا سکا۔ دوسری طرف فرانس کی یونیورسٹی آف گرینوبل الپس میں ایک ماہر ، میٹروفینس نے بذریعہ تحقیق دریافت کیا ہے، سرخ روشنی بوڑھوں کی خاص بیماری، پارکنسنز کو پھیلنے سے روک سکتی ہے۔
کینسر اور دِل کی بیماریاں جنم لینے کو بھی دن کی روشنی کی کمی سے جوڑا گیا ہے۔ برطانیہ کی یونیورسٹی آف ایڈنبرا کے ڈرماٹالوجسٹ، رچرڈ ویلر اور ان کے ساتھیوں نے ایک غیر مطبوعہ تحقیق میں چار لاکھ سے زائد بالغ افراد کے اعداد و شمار کا تجزیہ کیا۔ انہوں نے پایا کہ جن لوگوں کا عام طور پر الٹرا وائلٹ روشنی سے زیادہ سامنا رہتا تھا …اور جو مجموعی طور پر سورج کی روشنی پانے کے لیے ایک پیمانہ ہے ، ان میں کینسر اور دِل کی بیماری سے مرنے کا امکان کم پایا گیا۔میٹروفینس کہتے ہیں کہ ریڈ لائٹ تھراپی کی کامیابی کی بڑی وجہ شاید سرخ روشنی کی کمی دْور کرنا ہی ہے۔ ’’ہو سکتا ہے کہ یہ علاج اْن سست رویّوں یا خرابیوں کو درست کر دیتا ہے جو ہمارے ہر وقت گھروں یا عمارتوں کے اَندر رَہنے اور دِن بھر نیلی روشنی سے سحر زدہ ہونے کی وجہ سے پیدا ہو رَہی ہیں۔‘‘
طویل لہروں والی روشنی کا انسان میں توانائی کی پیداوار تیز کردینا کوئی محض اتفاقی بات نہیں۔ فوسبری اور جیفری کا استدلال ہے کہ یہ تمام جانداروں میں موجود قدرتی ڈیزائن کا حصّہ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ زندگی نے یہ عمل وافر مقدار میں دستیاب وسیلے سے فائدہ اْٹھانے اور اے ٹی پی کی پیداوار زیادہ سے زیادہ موثر بنانے کے لیے بذریعہ ارتقا پایا ہے۔ فوسبری کہتے ہیں: ’’زمین پر زندگی نے سورج کی روشنی میں پچھلے چارارب سال سے ارتقا کا سفر طے کیا ہے اور اس نے خود کو سورج کی روشنی کی خصوصیات کے مطابق نہایت عمدگی سے ڈھال لیا۔‘‘
انہی مطابقتوں میں سے ایک روشنی کے فوٹان ایٹموں کو حاصل کرنے اور انہیں جسم میں ذخیرہ کرنے کی صلاحیت ہے۔ زیمرمین کہتے ہیں: ’’ہمارا جسم قدرتی طور پر اس انداز میں بنایا گیا ہے کہ وہ انفراریڈ (شعاعیں) زیادہ سے زیادہ جذب کر سکے۔‘‘ ان کا کہنا ہے کہ ہم روزانہ روشنی کی جتنی توانائی حاصل کرتے ہیں، وہ حیران کن ہے۔ ’’سورج کی روشنی ہمارے جسم میں داخل ہونے والی توانائی کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔ یہ خوراک کے مقابلے میں کم از کم دو گنا بلکہ تین گنا زیادہ مقدار ہے۔‘‘
ایک بار جب سورج کی روشنی جسم میں داخل ہو، تو یہ منتشر ہو جاتی اور خلیوں اور اْن کے سروں پر پائے جانے والے اْبھاروں (organelles) سے بار بار ٹکراتی ہے ، فوسبری کے مطابق شاید درجنوں یا سینکڑوں بار ! آخر جب وہ کسی ایسے مالیکیول سے ٹکرا جائے جو اسے جذب کر سکے تو اِس عمل کے دوران توانائی منتقل کر دیتی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ سرخ یا انفراریڈ روشنی کا ایک فوٹان ہمارے جسم کے اندر اْس سے کہیں زیادہ دیر تک رہتا ہے جتنا کہ سیدھا گزر جانے کی صورت میں رہتا۔ یہی وہ چیز ہے جو آپ کو اْس وقت نظر آتی ہے جب آپ اپنی انگلی کی پور کو فلیش لائٹ پر رکھتے ہیں۔
فوٹان ایٹم کی آخری منزل ایک حد تک غیر یقینی (رینڈم) ہوتی ہے، لیکن اکثر یہ ’’الیکٹران ٹرانسپورٹ چین‘‘ کے کسی عنصر کے ذریعے جذب ہو جاتا ہے۔ سائنسدان فی الحال اس بات کا جائزہ لے رَہے ہیں کہ آیا مائٹوکونڈریا میں موجود پانی کے مالیکیول روشنی کو توانائی میں بدلنے کے لیے اہم ہیں یا نہیں۔ جب وہ ایک فوٹان سے توانائی جذب کرتے ہیں، تو وہ زیادہ تیز رفتاری سے تھرتھراتے اور چین میں الیکٹران گزرنے کا راستہ آسان اور ہموار کر دیتے ہیں۔فوسبری کہتے ہیں، حیران کن طور پر اُس چین یا زنجیر کے ہر مرحلے پر الیکٹرانوں کو تقریباً 0.75 الیکٹران وولٹ کی توانائی کی رکاوٹ عبور کرنے کی ضرورت ہوتی ہے…اور جو تقریباً اتنی ہی ہے جتنی طویل لہروں والی روشنی کا ایک فوٹان فراہم کرتا ہے۔ سرخ روشنی کی اِس فراہمی کے بغیر جس کے ہم ارتقائی طور پر عادی ہو چکے تھے،اب ہم بہت کم قدرتی توانائی حاصل کر رَہے ہیں۔
سرخ روشنی کا زیادہ سے زیادہ حصول
خوش قسمتی سے جدید دور کے اِس عذاب کا حل بہت سادہ ہے: جب بھی موقع ملے اپنی روشنی کی بیٹری دوبارہ ری چارج کریں، چاہے دن کی روشنی سے یا کسی فلامنٹ والے (incandescent) بلب کی مدد سے۔ بازار میں ریڈ لائٹ تھراپی کے آلات دستیاب ہیں لیکن اُن میں سے کچھ ضرورت سے زیادہ طاقتور ہوتے ہیں جو خلیاتی توانائی کی پیداوار حد سے زیادہ تیز کر کے جمسانی سوزش پیدا کر سکتے ہیں۔ یقیناً خود کو سورج کی روشنی میں لانا اپنے ساتھ کچھ خطرات بھی لاتا ہے لیکن مناسب لباس اور سن سکرین کینسر کا باعث بننے والی بالائے بنفشی شعاعیں روکنے میں مدد کرتے جبکہ سرخ اور انفراریڈ روشنی کو جسم کے اَندر داخل ہونے دیتے ہیں۔
جدید عمارتوں میں قید رہنے والے انسانوں کے لیے جیفری یہ تجویز دیتے ہیں کہ ڈِمر سوئچ سے لیس روشنی کا ایک فکسچر خریدیں اور اْس میں ایک روایتی فلامنٹ والا بلب لگا کر اْسے اپنی میز پر رکھ لیں، اگر عمارت کے منتظمین آپ کو اِس کی اجازت دے دیں۔ وہ کہتے ہیں:’’یہ روایتی بلب چاہے جتنا بھی مدھم کیوں نہ کر دیا جائے، تب بھی بڑی مقدار میں انفراریڈ شعاعیں پیدا کرتا ہے۔‘‘روشنی کی کوئی ایک خاص جادوئی لہر (wavelength) نہیں ، اسی لیے بالکل سرخ روشنی نہ ہونے سے ایک سرخ ایل ای ڈی بلب کا ہونا بہتر ہو گا لیکن وہ روایتی فلامنٹ والے بلب یا سورج سے ملنے والی مکمل طیف کی سرخ روشنی جتنا موثر ہرگز نہیں ہو سکتا۔
جیفری کہتے ہیں کہ جس چیز سے واقعی تبدیلی آ سکتی ہے، وہ جدید عمارتیں ڈیزائن اور کنٹرول کرنے والے لوگوں کے طرزِ فکر میں تبدیلی ہے۔ توانائی میں بچت کی جستجو قابلِ تحسین ہے، لیکن اِس سے انسانی صحت پر غیر متوقع منفی نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ ایل ای ڈی بلبوں کے بغیر بھی توانائی کی بچت ممکن ہے۔ یہ سچ ہے ، روایتی بلب مرئی روشنی کے ذریعے کے طور پر انتہائی غیر موثر ہیں، کیونکہ وہ زیادہ تر انفراریڈ یعنی حرارت پیدا کرتے ہیں۔ لیکن مدھم روایتی بلب کی توانائی کا استعمال ایک ایل ای ڈی بلب سے زیادہ نہیں ہوتا، اسی لیے اْسے استعمال کرنے سے اضافی اخراجات نہیں آئیں گے … جبکہ زیادہ صحت مند افرادی قوت مل جائے گی جس سے کام اچھا ہوگا۔
جیفری کہتے ہیں:’’ہم صرف وہ طویل لہروں والی روشنی واپس لا کر لوگوںکی صحت کے لیے بہت کچھ کر سکتے ہیں جن سے انھیں بند ماحول میں محروم رکھا جا رہا ہے۔‘‘لندن کی ایک سائنسی تنظیم،گائے فاؤنڈیشن کے سائنس ڈائریکٹر ایلسٹیئر نن کہتے ہیں: ’’تبدیلی کی شدید ضرورت ہے۔ اس وقت ہر شخص ’آئیے اور بہت سارے ایل ای ڈی بلب لگائیں‘ کی راہ پر چل رہا ہے، لیکن یہ عمل طبی طور پر ہمیں کوئی فائدہ نہیں پہنچا رہا۔‘‘
توانائی میں کمی؟
سورج کی روشنی میں بیس تا تیس منٹ بسر کرنا سکون اور راحت کی ایک ایسی حالت ہے جسے کم لوگ حاصل کر پاتے ہیں، لیکن اِس عمل کے صحت و تندرستی کے لیے فوائد نہایت گہرے ہیں۔ بڑھتی عمر میں بہتر صحت، بیماریوں کے کم خطرے اور خود کو زیادہ توانائی محسوس کرنے جیسے تمام فوائد سامنے رکھتے ہوئے آرام کی یہ نئی تفہیم خاص طور پر ضیعف مرد وزَن کے لیے بہت مفید ہے۔ ادارہ جاتی سطح پر تبدیلی کے آثار دکھائی دے رہے ہیں اور بالکل بجا طور پر ہسپتال اس میں سب سے آگے ہیں۔ تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ہسپتال کے وارڈز میں انفراریڈ روشنی کلینیکل نتائج میں بہتری لاتی ہے جس میں مریضوں کے ہسپتال میں قیام کے دورانیے کا کم ہونا بھی شامل ہے اور یہ بات طویل عرصے سے معلوم ہے کہ جن زیرِ علاج مریضوں کو دن کی روشنی میسّر ہو، وہ بغیر کھڑکیوں والے کمروں میں رکھے گئے مریضوں کی نسبت اوسطاً جلد رْو بصحت ہو جاتے ہیں۔ اب کچھ ہسپتال اِس سلسلے میں عملی اقدامات کر رَہے ہیں۔ جیفری کہتے ہیں: ’’آپ سرخ روشنی کے بغیر اپنی زندگانی بسر تو کر سکتے ہیں، لیکن اْس کے بغیر صحت مند حیات نہیں گزار سکتے۔‘‘