Want Your Business Featured Here?
Get instant exposure to our readers
Chat on WhatsApp
ایران نے الزام عائد کیا ہے کہ خطے کے بعض ممالک نے امریکہ کو اپنی سرزمین پر قائم فوجی اڈوں سے میزائل، ڈرون اور جنگی طیارے چلانے کی اجازت دی اور امریکی فوج کو لاجسٹک معاونت بھی فراہم کی۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ بعض علاقائی ممالک کی جانب سے امریکی فوجی کارروائیوں میں معاونت کے دستاویزی شواہد موجود ہیں جنہیں سفارتی ذرائع کے ذریعے متعلقہ ممالک کے سامنے اٹھایا گیا ہے۔
اسماعیل بقائی نے اپنے بیان میں کہا کہ ان ممالک نے اپنی سرزمین پر موجود فوجی اڈوں کو ایران کے خلاف امریکی کارروائیوں کے لیے استعمال ہونے دیا جبکہ امریکی افواج کو ضروری لاجسٹک سہولیات بھی فراہم کی گئیں۔
انہوں نے ایسے خلیجی ممالک پر ایران کے جوابی حملوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائیاں اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع کے حق کے استعمال کے زمرے میں آتی ہیں۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران کے حملوں کا ہدف خلیجی ممالک کی خودمختاری یا ان کی سرزمین نہیں بلکہ امریکی فوجی اڈے اور وہ عسکری تنصیبات ہیں جہاں سے ایران کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ایران خطے کے ممالک کے ساتھ سفارتی رابطوں کے ذریعے اس معاملے کو اٹھاتا رہے گا اور اپنی سلامتی کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کے اس بیان کو بحرین نے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ محض ایک بہانہ ہے۔اپنی سالمیت کے خلاف ہر کارروائی پر منہ توڑ جواب دیں گے۔
واضح رہے کہ بحرین پر ایران کے مبینہ حملوں کے بعد سے علاقے میں ایک بار پھر حالات کشیدہ ہوگئے ہیں اور امریکا و سعودی عرب سمیت متعدد ممالک نے بحرین پر حملوں پر ایران کی مذمت کی ہے۔